دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے ون ونڈو کے تحت تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، مخدوم سید طارق محمود الحسن

پیر 5 دسمبر 2022 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن مخدوم سید طارق محمود الحسن نے اوورسیز پاکستانیز وفد سے ملاقات کی۔جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیز کے لیے اوورسیز پاکستانیز کمیشن میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،ون ونڈو میں مال مرکز، نادرا، ایل ڈی اے کا ڈیسک سمیت دیگر تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیز کسی بھی پریشانی کے بغیر فوری اپنا زمینی فرد کا ریکارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ناردا کے ڈیسک سے فوری طور پر اپنے شناختی کارڈ بھی اپڈیٹ یا نئے کر سکتے ہیں۔ وائس چیئرپرسن پنجاب نے اوورسیز پاکستانیز وفد کو بتایا کہ ایل ڈی اے،اینٹی کرپشن اور لاہور ہائیکورٹ میں اوورسیز پاکستانیز کی مدد کے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی زیر نگرانی ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں اوورسیز پاکستانیز کو ہمہ وقت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے سسٹم کو آن لائن کر دیا ہے،دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے تمام تر انفارمیشن آن لائن فراہم کر دی ہیں۔ وہ دنیا بھر سے کسی بھی وقت کسی بھی جگہ سے اپنی معلومات بغیر کسی پریشانی کے حاصل کرسکتے ہیں۔مخدوم سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے کام اور فراہم کی جانیوالی تمام معلومات کے بارے اندرون اور بیرون ممالک آگاہی بھی دی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنے مسائل سے کمیشن کو آگاہ کر سکیں۔