اسرائیلی صدر کا دورہ بحرین فلسطینی عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے،اسلامی جہاد

عوام عرب و اسلامی دنیا میں اسرائیل کے گھسنے کی تمام کوششوں کا مقابلہ کرنے کیلئے آواز بلند ،نارملائزیشن کو مسترد کریں

پیر 5 دسمبر 2022 20:40

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2022ء) اسلامی جہاد کے ترجمان طارق سیلمی نے کہا ہے کہ اسرائیلی صدر کا بحرینی دارالحکومت کا دورہ فلسطینی عوام کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔سیلمی نے ایک بیان میں بحرین میں اسرائیلی صدر ہرزوگ کے استقبال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عرب یا اسلامی ملک میں ان کا دورہ فلسطینی عوام کے پیٹھ پر ایک وار ہے اور عربوں اور مسلمانوں کے اولین کازکیساتھ بہت بڑا غداری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست اس دورے اور دیگر کے ذریعے اپنی جارحیت اور دہشت گردی پر پردہ ڈالنے اور مقبوضہ مغربی کنارے اور القدس میں فلسطینی عوام کے خلاف قابض افواج کے ہاتھوں قتل و غارت گری میں اضافے کی کوشش کرتا ہے۔انہوں نے بحرینی عوام کی جانب سے اس بدقسمت دورے کو مسترد کرنے کی تعریف کرتے ہوئے تمام عرب اور اسلامی عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ نارملائزیشن کو مسترد کرنے اور عرب اور اسلامی دنیا میں اسرائیل کے گھسنے کی تمام کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے آواز بلند کریں۔