دنیا کو سرد جنگ کی سوچ پر مبنی بلاکس میں تقسیم کرنے سے گریزکرنا ہو گا، جرمن چانسلر

منگل 6 دسمبر 2022 11:13

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2022ء) جرمن چانسلر اولاف شولز نے دنیا کو بلاکس میں تقسیم کرکے ایک نئی سرد جنگ کے آغازکے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی شراکت داریوں کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ برطانی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز فارن افیئرز میگزین کے لیے آن لائن شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھا کہ ہمیں دنیا کو سرد جنگ کی سوچ پر مبنی بلاکس میں تقسیم کرنے سے گریز کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مغرب کو جمہوری اقدار اور آزاد معاشروں کے تحفظ کے لیے کھڑے ہونا چاہیےلیکن اس کے ساتھ ہمیں ایک بار پھر دنیا کو مختلف بلاکس میں تقسیم کے فتنہ سے بھی بچنا چاہیے جس کا مطلب یہ ہے کہ نئی شراکت داریوں کے لیےعملی طور پر ہر ممکن کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جرمن چانسلر نے کہا کہ اتحادی علاقوں پر روس کے ممکنہ حملوں کے خطرے سے پیدا ہونے والے چیلنجزکا مقابلہ کرنے کے لیے ٹرانس اٹلانٹک پارٹنرشپ ناگزیر ہےجبکہ چین کے حوالے سے یورپ اور شمالی امریکا کو دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ نئی اور مضبوط شراکت داری قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی یورپی سلامتی کا ضامن بننے کاخواہاں ہے جس کی ہمارے اتحادی ہم سے توقع کرتے ہیں کہ ہم یورپی یونین کےرکن ممالک کے درمیان رابطوں کے لئے ایک پل کے طور پر کام کریں اور عالمی مسائل کے کثیرالجہتی حل کے حامی بنیں۔