سعودی عرب میں آئندہ چند روز تک مسلسل بارشوں کی پیش گوئی

جمعرات تک بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفان آنے کا بھی امکان ظاہر کر دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 دسمبر 2022 11:40

سعودی عرب میں آئندہ چند روز تک مسلسل بارشوں کی پیش گوئی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 دسمبر 2022ء ) سعودی عرب کے بعض حصوں میں آئندہ چند روز تک گرج چمک کے ساتھ لگاتار بارشوں کی پیش گوئی کردی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ شدید موسمی حالات کے دوران انتہائی محتاط اور چوکس رہیں کیوں کہ جمعرات تک بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفان آنے کا امکان ہے۔

شہری دفاع نے کہا کہ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کی رپورٹ کی بنیاد پر ریاض، قسیم، شمالی سرحدی علاقے اور مشرقی صوبے کے علاقوں میں اعتدال سے لے کر موسلادھار بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے جو طوفانی بارشوں کا باعث بن سکتی ہے، ریاض اور حائل کے علاقوں کے کچھ حصے ہلکی بارش سے متاثر ہوں گے جب کہ مکہ، مدینہ، عسیر، جازان اور الباحہ کے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔

(جاری ہے)

سول ڈیفنس نے ایسے ماحول میں ہر کسی کو ہوشیار رہنے اور ممکنہ خطرات سے بچنے کی تاکید کی اور ان جگہوں سے دور رہنے کو کہا ہے جہاں سیلابی پانی جمع ہوتے ہیں، اس ضمن میں لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے مختلف میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ اس سے پہلے 24 نومبر کو جدہ اور سعودی عرب کے دیگر حصوں میں موسلادھار بارش ہوئی، جس سے کئی کاریں بہہ گئیں اور فضائی اور سڑک ٹریفک میں خلل پڑا، اس کے علاوہ حادثات میں 2 افراد جاں بحق بھی ہوئے، موسم کی خرابی کے باعث آنے والی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں، گلف ایئر، ٹرکش ایئر لائنز اور سعودی عرب کے کیریئرز کی پروازوں کی ایک بڑی تعداد کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، جدہ، ربیعہ اور خلیص میں سرکاری، نجی اور بین الاقوامی اسکول بند رہے، خراب موسمی حالات کے باعث مملکت کی 2 بنیادی یونیورسٹیوں کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی اور جدہ یونیورسٹی نے بھی چھٹی کردی تھی۔