نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی پاکستانی ناظم الامورکی جان بچانے والیکمانڈو کی عیادت

ایس ایس جی مجاہد اسرار محمد نے 2 دسمبر 2022 کو کابل میں ایک قاتلانہ حملے کے دوران سفیر عبید نظامی کی جان بچائی، محمد صادق

منگل 6 دسمبر 2022 12:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نیکابل میں پاکستانی ناظم الامور عبید نظامی کی جان بچانے والے اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی)کے سپاہی اسرار محمد سے پشاور میں ملاقات کی اور ان کی بہادری کو سراہا۔ٹوئٹر پر ایک بیان میں ایس ایس جی کمانڈو کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے محمد صادق نے کہا کہ ایس ایس جی مجاہد اسرار محمد نے 2 دسمبر 2022 کو کابل میں ایک قاتلانہ حملے کے دوران سفیر عبید نظامی کی جان بچائی۔

محمد صادق نے کہا کہ سینے اور ٹانگ میں گولیاں لگنے کے باوجود اسرار نے سفیر کی ڈھال بنتے ہوئیگولیاں کھائیں اور جوابی فائرنگ کی۔نہوں نے کہا کہ اسرار خیریت سے ہیں،گزشتہ روز ان کی بڑی سرجری ہوئی تھی، ان کے اہلخانہ اور ڈاکٹروں سے بھی ملاقات ہوئی، انہوں نے بتایا کہ اسرار نے بالکل بھی شکایت نہیں کی، بلکہ وہ خاندان کو تسلی دے رہے تھیکہ وہ ٹھیک ہیں۔

(جاری ہے)

محمد صادق نے کہاکہ اسرار سے ملاقات سفیر پر حملے سے دو دن پہلے ہوئی تھی، اسرار کے خاندان کو ہم سب کی طرح اس کی بہادری اور فرض کی لگن پر فخر ہے۔یاد رہے کہ تین روز قبل کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ چہل قدمی کر رہے تھے، حملے میں پاکستانی ناظم الامور محفوظ رہے تاہم ان کے محافظ اسرار محمد زخمی ہوگئے تھے۔بعدازاں افغان حکام نے ملزم کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا، سفارتی ذرائع کے مطابق ملزم پاکستانی سفارتخانے کے قریب عمارت کی آٹھویں منزل پررہائش پذیر تھا اور ملزم نے اپنے فلور کے تین کمروں میں آئی ای ڈیز بچھا رکھی تھیں۔

گذشتہ روز افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کہا تھا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نیکابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملیکی ذمہ داری قبول کی ہے۔امارت اسلامی افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کی ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو کہ غیر ملکی شہری ہے اور داعش کا رکن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کے پیچھے غیر ملکیوں کا ہاتھ ہے۔