کراچی؛ ہائوسنگ سوسائٹی میں تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا حکم

عدالت نے کارروائی مکمل کرکے 16 جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا

منگل 6 دسمبر 2022 16:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) سندھ ہائیکورٹ نے اسکیم33 میں بجنور ہائوسنگ سوسائٹی میں قبضے کیخلاف درخواست پر 12 دسمبر سے تجاوزات خاتمے کا گرینڈ آپریشن شروع کرنے اور کارروائی مکمل کرکے 16 جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے اسکیم 33 میں بجنو ہائوسنگ سوسائٹی میں قبضے کیخلاف درخواست پر سماعتکی۔

سوسائٹی کی زمین تاحال واگزار نہ کرانے پر عدالت برہم ہوگئی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے موقف دیا کہ رینجرز کی نفری کی عدم موجودگی کے باعث کارروائی نہیں ہوسکی۔ ڈی سی ایسٹ نے عدالت کو بتایا کہ 25 ایکٹر زمین ہے، تجاوزات قائم ہوگئی تھیں۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ڈی سی کی ذمے داری تھی کہ وہ ڈی جی رینجرز سے رابطہ کریں مگر انہوں نے نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 20 دن پہلے اجلاس ہوا تھا جس میں رینجرز کے ڈی ایس آر موجود تھے۔جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیے کہ آپ نے لکھا ہے بلدیاتی الیکشن کی تیاری میں آپ کی مصروفیات تھیں۔ ہمیں آپ کی الیکشن کی ذمے داریوں سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ جو حکم عدالت دیتی ہے آپ اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔ جسٹس ندیم اختر نے استفسار کیا کہ ہمیں ابھی آپریشن کی تاریخ بتائیں کب زمین خالی کرائیں گی ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہمیں اجلاس کی مہلت دیں، اجلاس میں طے کرلیں گے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ابھی آپ تاریخ دیں گے اسی وقت، ورنہ آپ یہاں سے نہیں جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جو لوگ گھر بناکر بیٹھے ہیں، انہیں بے دخل کرنے میں وقت لگے گا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خواتین اور بچوں کو استعمال کرنا ان کا سب سے بڑا ہتھیار ہوتا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ انہیں بہت وقت مل چکا ہے، جائیں کارروائی کریں اور تجاوزات ختم کریں۔ عدالت نے 12 دسمبر سے تجاوزات خاتمے کا گرینڈ آپریشن شروع کرنے اور کارروائی مکمل کرکے 16 جنوری کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے رینجرزاور دیگر اداروں کو مکمل تعاون کا بھی حکم دیا ہے۔