تحصیل ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس ، ڈینگی سرویلنس جائزہ رپورٹ پیش کی گئی

منگل 6 دسمبر 2022 17:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2022ء) سیکرٹری ؍ چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف و مذہبی امور میاں ابرار احمدکی زیر صدارت تحصیل ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس منگل کے روزمنعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر احمد افنان ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف، کاشف جلیل ڈپٹی سیکرٹری اوقاف،غلام مرتضی اے سی سٹی لاہور، ڈاکٹر زاہدڈی ڈی ایچ او، ڈاکٹر عبدالحمید ایم ایس داتا دربار ہسپتال، شاہد حمید ورک زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف لاہور زون،عامر شہزاد رانجھا ایڈ منسٹریٹر اوقاف داتا دربار اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق ڈاکٹر زاہدڈی ڈی ایچ او نے ڈینگی سرویلنس کے حوالہ سے مورخہ29 نومبر2022 تا05 دسمبر2022 کی جائزہ رپورٹ اجلاس میں پیش کی اور بتایا کہ موسم کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر ڈینگی کے پھیلا ئومیں واضح کمی آرہی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اوقاف نے اجلاس میں ڈینگی ریسپانس کمیٹی کو ہدایت فرمائی کہ کمرشل ایریا خصوصا پلازوں، مارکیٹوں، ٹائرشاپس وغیرہ پر توجہ دیں اور چیکنگ کا تسلسل جاری رکھا جائے تاکہ کارکردگی کا معیار برقرار رہے۔

اگر کسی بھی جگہ ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی جائے تو متعلقہ افراد کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی کو کنٹرول کیا جانا وقت کا تقاضا ہے۔موسم کی تبدیلی کے باوجود ڈینگی کے پھیلا ئوپر قابو پانے کیلئے فیلڈوزٹ کو جاری رکھا جائے۔ سیکرٹری اوقاف نے آئمہ خطبا کومساجد میں جمع المبارک کے خطبات میں عوام کو ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر بارے آگاہی مہم جاری رکھنے کی ہدایت فرمائی۔ سیکرٹری اوقاف کو آگاہ کیاگیا کہ رواں ہفتہ کے دوران کوئی ایف آئی آردرج نہیں ہوئی۔