جوہری اسلحے کو اپ گریڈ کرنے کی امریکی پالیسی اورٹیکٹیکل ہتھیاروں کی تنصیب نے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے حوالے سے معیارات کو مزید کم کر دیا ہے، چین

منگل 6 دسمبر 2022 17:45

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2022ء) چین نے کہا ہے کہ جوہری اسلحے کو اپ گریڈ کرنے کی امریکی پالیسی اورٹیکٹیکل ہتھیاروں کی تنصیب نے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کےحوالے سے معیارات کو مزید کم کر دیا ہے۔ چینی وزارت دفاع کے سینئر عہدیدار کرنل تان کی فی نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون نے حال ہی میں چین کی طرف سے اپنی نیوکلیئر فورسز کی جدیدیت بارے خیال آرائی کی اور مضحکہ خیز مفروضے پیش کئے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ امریکا کو جوہری ہتھیاروں بارے خود اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے پاس ایٹمی ہتھیاروں کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے اور مزید یہ کہ وہ ان ہتھیاروں کو مسلسل اپڈیٹ بھی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے ٹیکٹیکل ہتھیاروں کو فرنٹ لائن پر نصب کرنے کے منصوبے بھی تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا برطانیہ اور آسٹریلیا کے ساتھ فوجی معاہدوں کے تحت جوہری اسلحے کے پھیلائو کے ذریعے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے معیارات کو مزید کم کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اپنی دفاعی جوہری حکمت عملی کے تحت اس بات پر سختی سے کاربند ہنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ اپنی نیوکلیئر فورسز کو قومی سلامتی کو یقینی بنانے درکار کم سے کم جوہری دفاعی صلاحیت کی پالیسی پر عمل جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ پینٹاگون کی طرف سے گزشتہ ہفتے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین 2035 تک 15 ہزار جوہری ہتھیار تیار کر سکتا ہے۔