ایم کیو ایم نے گورنرسندھ کو پیپلز پارٹی کی جانب سے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے پر ایک بار پھر شکایت کر دی،ذرائع

منگل 6 دسمبر 2022 17:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی جانب سے معاہدے پر عمل درآمد نہ ہونے پر ایک بار پھر شکایت کر دی ہے۔کامران ٹیسوری سے ملاقات کے دوران ایم کیو ایم وفد نے شکوہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم وفاقی حکومت کے اہم اتحادی ہیں، پیپلزپارٹی معاہدے کے مطابق آرٹیکل 140 اے پر عملدر آمد نہیں کر رہی، بلدیاتی حلقہ بندیاں درست کرنے کا عمل بھی تعطل کا شکار ہے۔

ایم کیوایم وفد نے گورنر سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ ایم کیو ایم کے تحفظات وفاق تک پہنچائیں۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کے تحفظات پیپلز پارٹی، وفاق تک پہچانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ سے ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ہوئی تھی۔

ملاقات کے دوران سندھ کی ترقی میں وفاق کے تعاون اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے ملاقات کے دوران کہاکہ سندھ کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اولین ترجیح ہے۔دوسری جانب ڈاکٹر خالد مقبول نے کہاکہ سندھ کی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں کا نظریہ خوش آئند ہے۔