کمیٹی مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کر سکتی ،دفتر خارجہ نے رولز آف بزنس میں کہا آپ صرف گورننس پر بات کریں ، چیئر مین قائمہ کمیٹی امور کشمیر وگلگت بلتستان

اگر کمیٹی مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کرے گی تو میں بائیکاٹ کرونگا ،جب اس کمیٹی میں بیٹھ کر ہم نے سڑکوںکی بات کرنی ہے تو فائدہ کیا ، شہادت اعوان برہم

منگل 6 دسمبر 2022 18:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) سینیٹ کی امور کشمیر و گلگت بلتستان کے چیئر مین پروفیسر ساجد میر نے کہاہے کہ یہ کمیٹی مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کر سکتی ،دفتر خارجہ نے رولز آف بزنس میں کہا ہے آپ صرف گورننس پر بات کریں ۔سینیٹ کی امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس سینیٹر ساجد میر کی زیر صدارت ہوا جس میں گفتگو کرتے ہوئے شہاد ت اعوان نے کہاکہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر یو این میں پیش ہونے والی رپورٹ دی جائے ،ایک سال سے وہ رپورٹ مانگ رہے ہین دی نہیں جا رہی ،کشمیریوں کی پراپرٹی کے حوالے سے بھی تفصیلات نہیں دی گئیں ۔

کمیٹی اراکین نے کہاکہ کشمیریوں کی پراپرٹی کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ،ہم دیکھنا چاہتے ہیں کشمیری پراپرٹی پر قبضہ تو نہیں ہوا ۔

(جاری ہے)

پروفیسر ساجد میر نے کہاکہ یہ کمیٹی مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کر سکتی ،دفتر خارجہ نے رولز آف بزنس میں کہا ہے آپ صرف گورننس پر بات کریں ،کہاگیا اس کمیٹی کا یہ اختیار ہی نہیں ہے ۔ شہادت اعوان نے کہاکہ اگر کمیٹی مسئلہ کشمیر پر بات نہیں کرے گی تو میں بائیکاٹ کرونگا ،جب اس کمیٹی میں بیٹھ کر ہم نے سڑکوںکی بات کرنی ہے تو فائدہ کیا ،ہمارا بنیادی ایجنڈا ہی کشمیر ہے اس پر بات کیون نہ کریں ،اگر اس کمیٹی میں کشمیر کی آواز نہیں اٹھے گی تو اجلاس کا فائدہ ۔ شہادت اعوان نے کہاکہ کہیں سازش کے تحت تو یہ سب کچھ نہیں ہورہا ۔