بابری مسجد واقعہ ہندوستان میں اس وقت سے بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جنون کی افسوسناک یاد دہانی ہے، دفتر خارجہ

بین الاقوامی برادری کو بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور نفرت انگیز جرائم کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے،ترجمان دفتر خارجہ

منگل 6 دسمبر 2022 18:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بھارت میں تاریخی بابری مسجد کے انہدام کی 30ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہاہے کہ یہ واقعہ ہندوستان میں اس وقت سے بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جنون کی ایک افسوسناک یاد دہانی ہے۔ اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہندوستان کے شہر ایودھیا میں ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں تاریخی بابری مسجد کے انہدام کی 30 ویں برسی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ یہ واقعہ ہندوستان میں اس وقت سے بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جنون کی ایک افسوسناک یاد دہانی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم مسمار کی گئی مسجد کی جگہ پر ہندو مندر کی جاری تعمیر اور ذمہ دار مجرموں کی بریت کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی آزادیوں پر مسلسل حملہ ہو رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ ہم بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بابری مسجد کو اس کی اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے اور اس کی تباہی کے ذمہ دار مجرموں کو مناسب سزا دی جائے۔ترجمان نے کہاکہ بین الاقوامی برادری کو بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور نفرت انگیز جرائم کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ترجمان نے کہاکہ ہم بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انتہا پسند "ہندوتوا" حکومت سے بھارت میں اسلامی ورثے کے مقامات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ترجمان نے کہاکہ بھارتی حکومت کو اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔