او آئی سی تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے سفارتی اور قانونی کوششیں تیز کرے، کشمیر کمیٹی جدہ

منگل 6 دسمبر 2022 19:27

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2022ء) کشمیر کمیٹی جدہ کے ایک وفد نے مسعود پوری کی قیادت میں جدہ میں او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل حسین براہم طہٰ سے ملاقات کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وفد نے کشمیر کاز کے لیے او آئی سی کی کوششوں اور مسلسل و غیر متزلزل حمایت پرسیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے کہاکہ او آئی سی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پائیدارحل تلاش کرنے کے لیے سفارتی اور قانونی کوششوں میں قائدانہ کردارادا کرنا چاہیے۔

وفد نے نشاندہی کی کہ جموں و کشمیر اور فلسطین دو ایسے تنازعے ہیں جہاں قابضین عوام پر ظلم و ستم ڈھانے کے لیے ایک جیسی حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وفد نے زور دیا کہ او آئی سی فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حق، خودارادیت کے لیے ٹھوس کوششیں کرے۔وفد نے خاص طور پر سیکرٹری جنرل کی توجہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کے قیام اور 5اگست 2019 کے بعد بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات میں پائی جانے والی مماثلت کی طرف مبذول کرائی جن کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔

وفد نے متفقہ طور پر منظور کردہ ایک قرارداد او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے حوالے کی جس میں آئی پی ایچ آر سی کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے مقبوضہ علاقے کے دورے اور قانونی ماہرین کے ایک پینل کو مشاورتی ادارے کے طور پر مقرر کرنے کی درخواست کی گئی جس کی توثیق وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں کی گئی ہے۔کشمیر کمیٹی جدہ مکہ مکرمہ میں مقیم ممتاز کشمیری رہنماں پر مشتمل ایک ادارہ ہے۔ وہ کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے ہیں جو جدہ میں تیس سال سے زائد عرصے سے کشمیر کاز کے لیے جدوجہد اورحق خودارادیت کے حصول کی وکالت کر رہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے کررکھا ہے۔