وزیرِ توانائی سندھ کی زیرِ صدارت کے الیکٹرک انتظامیہ کے ساتھ اجلاس، لوڈشیڈنگ میں کمی کی ہدایات

منگل 6 دسمبر 2022 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2022ء) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی زیرِ صدارت کے الیکٹرک انتظامیہ کے ساتھ اجلاس محکمہ توانائی کے دفتر میں منعقد ہوا۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، سینیٹر یوسف بلوچ، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ساتھ اور کیماڑی کے سینئر نمائندوں خلیل ہوت، آصف خان دیگر کے علاوہ سیکرٹری توانائی سندھ ابوبکر مدنی اور محکمہ توانائی کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مونس علوی اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کراچی بالخصوص لیاری، کیماڑی، بلدیہ اور دیگر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لئے گفت وشنید کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امتیاز احمد شیخ نے لیاری اور ملحقہ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے کی ہدایات دیں اور کہا کہ پینے کے پانی اور سیوریج کے پمپنگ اسٹیشنوں پر لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے تاکہ پینے کے پانی کی فراہمی اور سیوریج کی نکاسی کو ممکن بنایا جاسکے۔

اجلاس میں شہریوں کے فوری مسائل کے حل کے لئے کے الیکٹرک کی جانب سے علاقوں میں کیمپ لگانے کی بھی ہدایات دی گئیں۔اجلاس میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے اور ریلیف دینے کے لئے طریق کار وضع کرنے اور صارفین کے لئے آسانی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔