بنوں ۔۔ ایف سی اہلکار اور اس کے بیٹے کو قتل کر دیاگیا ،مقدمہ درج

منگل 6 دسمبر 2022 22:45

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2022ء) سرکاری ملازم ہو نے کی عداوت پر جانی خیل میں ایف سی اہلکار اور ان کے بیٹے کو نامعلوم مسلح آفراد نے گھر کے اندر قتل کر دیا ،لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دی گئیں ، ہسپتال میں پولیس کو رپورٹ درج کر تے ہوئے مقتول ایف سی اہلکار رحمن زمان ولد ولی زمان سکنہ میاں نور جانی خیل کی بیوہ نے بتایا کہ وہ اپنے گھر میں سو رہے تھے کہ اس دوران 20 تک مسلح آفراد گھر میں داخل ہو ئے جو اسلحہ سے لیس تھے میرے شوہر نے باہر آ کر دیکھا تو اسے پکڑ لیا اس اثناء میرا بیٹا شاہد بھی کمرے سے نکلا جسے دکھتے ہی مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی اور قتل کر دیا جبکہ خاوند کو بھی فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور بذریعے تیز دھار آلے ان کا سر تن سے جدا کر دیا اور اپنے ساتھ لے گئے ، صبح مارکیٹ میں درخت سے لٹکتا ہوا سر ملا ، اُنہوں نے وجہ عداوت بیان کر تے ہوئے کہا کہ ہمارا کسی کے ساتھ #کو ئی دشمنی نہیں ، حملہ آوروں نے واردات کے بعد آواز لگائی کہ جو بھی سرکاری نوکری کرے گا ان کا یہی حال ہو گا ، پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے ۔