ملک میں ادویات کی قلت کا شدید خطرہ ہے‘ پیما

حکومت دوا سازی کے اجزا کی درآمد کے لیے فوری اقدامات کرے

منگل 6 دسمبر 2022 23:01

ملک میں ادویات کی قلت کا شدید خطرہ ہے‘ پیما
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2022ء) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دوا سازی کے اجزا کی درآمد کے لیے عدم تعاون کے باعث ملک میں ادویات کی قلت کا خدشہ ہے، اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان میں صحت کا شعبہ مزید بگاڑ کا شکار ہو جائے گا۔ پیما کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالعزیز میمن اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر افتخار برنی نے کہا ہے کہ ملک میں دوا ساز کمپنیوں کی ایسوسی ایشن پی پی ایم اے کے مطابق زیادہ تر دوا ساز کمپنیوں کے پاس مستقبل کیلیے صرف 2 ماہ کا خام مال ہی موجود ہے۔

پیما عہدیداران نے کہا کہ یہ صورتحال فوری اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ دوا ساز کمپنیوں کو اسٹیٹ بینک سے بھی کچھ شکایات ہیں کیونکہ خریداری کے لیے اجازت نامہ ملنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں صحت کا نظام پہلے ہی ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔ اس دوران اگر ادویات کی قلت بھی ہو گئی تو یہ شعبہ مزید بگاڑ کا شکار ہو جائے گا۔

اگر حکومت کی جانب سے مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو ہمیں خدشہ ہے کہ یہ صورت حا ل بلیک مارکیٹنگ اور اسمگلنگ کی طرف جائے گی اور آخر کار ادویات کی قیمتیں پاکستان کے غریب عوام کی پہنچ سیباہر ہو جائیں گی۔ پیما مطالبہ کرتی ہے کہ کسی بھی خراب صورتحال سے بچنے کی کوشش کی جائے اور پاکستانی عوام کے لئے مناسب قیمت ادویات بالخصوص جان بچانے والی ادویات کی فراہمی کے لیے فوری طور پر مناسب اقدامات کیے جائیں۔