aرائے ونڈ میں ڈاکو راج برقرار،درجنوں شہری لٹ گئے

منگل 6 دسمبر 2022 20:05

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2022ء) رائے ونڈ میں ڈاکو راج برقرار،درجنوں شہری لٹ گئے ،پولیس مزے کی نیند سوتی رہی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تحصیل رائے ونڈ صدر ڈویژن میں چوری ،راہزنی اور ڈکیتی کی نان سٹاپ وارداتیں جاری ہے پولیس امن و امان کو بحال کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ،جرائم پیشہ افراد دندناتے پھررہے ہیں جبکہ پولیس افسران ،ملازمین ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے میں غیر سنجیدہ دکھائی دے رہے ہیں ،شہری محمد ارشاد کو صبح ساڑھے سات بجے این ایف سی سٹاپ کے قریب دو نامعلوم مسلح ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 9500روپے موبائل فون چھین لیا ،شہری سید جابر حسین کو دوپہر بارہ بجے حسینی دربار کے قریب دو مسلح ڈاکو ئوں نے گن پوائنٹ پر قیمتی موبائل فونز اور نقدی لوٹ لی،شہری امجد علی اپنی فیملی کیساتھ گھر جارہاتھا اسلام نگر کے قریب دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے خاتون کے پرس سے نقدی،موبائل فونز چھین لئے ،مطیب نامی سکول ٹیچر سے دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے موبائل فون اور نقدی لوٹ لی ،شہری خادم حسین سے موہلنوال گندا نالہ کے قریب دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے ایک لاکھ نقدی ،موٹر سائیکل چابی ،موبائل فونز چھین کر لے گئے ،شہر اور گردونواح میں چوری ،راہزنی اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں ،رائے ونڈ سرکل میں بار بار تعینات ہونے اور پرانے ،بھیدی اہلکاروں کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کی حوصلے بلند ہو گئے ہیں جسکی وجہ سے دن دیہاڑے شہریوں کا لٹنا معمول بن چکا ہے جبکہ رائے ونڈ سرکل پولیس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہونے سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں ،شہریوں نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر سے مطالبہ کیا ہے کہ پرانے ،بھیدی اور بار بار تعینات ہونیوالے پولیس افسران ،ملازمین کو فوری تبدیل کیا جائے تاکہ پولیس کی مزید جگ ہنسائی نہ ہو