ضلع شانگلہ میں بشام اور پورن کے علاقوں میں پولیس سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن

منگل 6 دسمبر 2022 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2022ء) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سجاد خان کی ہدایت پرضلعی پولیس سربراہ محمد عمران کی نگرانی میں شانگلہ کے علاقوں پورن اور بشام میں پولیس نے سر چ اینڈ سٹرائیک آپریشن کئے ،سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز متعلقہ سب ڈویژنل پولیس افسران کی قیادت میں بشام، مارتونگ،دندئی اور چکیسر کے تھانوں کی حدود میں پہاڑی علاقوں،جٹکول،سرکول،گونگر، شنگ، ڈنڈہ، ٹوکا،کوز باٹکوٹ، سیروڑ، شوا، لوسر اور تیتوالان میں کئے گئے جن میں تقریباً 17 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی،پولیس آپریشنز کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں دو مقدمات بھی درج کئے گئے جبکہ ملزمان سے اسلحہ برآمد کرکے ان کو گرفتار کیا گیا،اس طرح کرایہ داری ایکٹ 2014 کے تحت بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا،اس موقع پر پولیس افسران نے علاقہ معززین کیساتھ ملاقات بھی کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں مشکوک افراد پر کھڑی نظر رکھیں اور علاقہ میں امن بحال رکھنے کے سلسلے میں پولیس سے تعاون کرے،انھوں نے کہا کہ کسی کو بھی نقص امن کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سماج دشمن عناصر کے خلاف پولیس کے سرچ آپریشن جاری رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :