مراکش فیفا ورلڈکپ قطر کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والا واحد اسلامی ملک بن گیا

اسپین کو تاریخی شکست کا سامنا، مراکشی ٹیم نے سابق عالمی اور یورو چیمپئن کو شکست دے کر فائنل 8 مرحلے میں جگہ بنا لی

muhammad ali محمد علی منگل 6 دسمبر 2022 22:54

مراکش فیفا ورلڈکپ قطر کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والا واحد اسلامی ملک ..
دوحہ (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 6دسمبر 2022) مراکش فیفا ورلڈکپ قطر کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والا واحد اسلامی ملک بن گیا، اسپین کو تاریخی شکست کا سامنا، مراکشی ٹیم نے سابق عالمی اور یورو چیمپئن کو شکست دے کر فائنل 8 مرحلے میں جگہ بنا لی۔ تفصیلات کے مطابق قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے سلسلے میں سابق عالمی چیمپئن اسپین اور مراکش کے درمیان کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ کے 90 منٹس کا کھیل بنا کسی گول کے برابر رہا، بعد ازاں اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی، جس کے باعث پنالٹی ککس پر میچ کا فیصلہ کیا گیا۔

پنالٹی ککس مرحلے میں مراکش نے 0 کے مقابلے میں 3 گول سے فتح حاصل کر لی۔ سابق عالمی اور یورو چیمپئن اسپین کے کھلاڑی 3 پنالٹی ککس میں سے کسی ایک پر بھی گول نہیں کر پائے، مراکش کے گول کیپر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فٹبال کی دنیا کی ہیوی ویٹ اسپین کی تمام 3 پنالٹی ککس کو روکا، جبکہ مراکش کے کھلاڑی 4 میں سے 3 ککس پر گول کرنے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

یوں مراکش رواں ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والا واحد اسلامی ملک بن گیا، مراکش نے فٹبال ورلڈکپ کی تاریخ میں کواٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی پہلی عرب ٹیم ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ تاریخی فتح کے بعد مراکش کے کھلاڑی میدان میں ہی سجدہ ریز ہو گئے، جبکہ اسٹیڈیم میں موجودہ مراکش کے تماشائی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ واضح رہے کہ مراکش 12 سال بعد فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم ہے۔ آخری مرتبہ 2010 کے ورلڈکپ میں گھانا کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ پرتگال اور سوئزرلینڈ کے میچ کی فاتح ٹیم سے ہو گا۔

متعلقہ عنوان :