فٹبال ورلڈکپ، اسپین کے خلاف تاریخی کامیابی پر مراکش کے کھلاڑی گراؤنڈ میں سجدہ ریز

مراکش کوارٹر فائنل میں پہنچنے والا واحد اسلامی ملک بن گیا، اسپین کو تاریخی شکست کا سامنا، مراکشی ٹیم نے فیفا ورلڈکپ 2022 کا سب سے بڑا اپ سیٹ کر دیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 6 دسمبر 2022 23:00

فٹبال ورلڈکپ، اسپین کے خلاف تاریخی کامیابی پر مراکش کے کھلاڑی گراؤنڈ ..
دوحہ (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 6دسمبر 2022) فٹبال ورلڈکپ ،اسپین کے خلاف تاریخی کامیابی پر مراکش کے کھلاڑی گراؤنڈ میں سجدہ ریز ہو گئے۔ مراکش کوارٹر فائنل میں پہنچنے والا واحد اسلامی ملک بن گیا، اسپین کو تاریخی شکست کا سامنا، مراکشی ٹیم نے فیفا ورلڈکپ 2022 کا سب سے بڑا اپ سیٹ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ میں مراکش نے اسپین کو اپ سیٹ شکست دے دی۔

اسپین کو شکست دینے پر مراکش کے کھلاڑی گراؤنڈ میں سجدہ ریز ہوگئے۔ فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے کے سلسلے میں سابق عالمی چیمپئن اسپین اور مراکش کے درمیان 90 منٹس کا کھیل بنا کسی گول کے برابر رہا، بعد ازاں اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی، جس کے باعث پنالٹی ککس پر میچ کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

پنالٹی ککس مرحلے میں مراکش نے 0 کے مقابلے میں 3 گول سے فتح حاصل کر لی۔

سابق عالمی اور یورو چیمپئن اسپین کے کھلاڑی 3 پنالٹی ککس میں سے کسی ایک پر بھی گول نہیں کر پائے، مراکش کے گول کیپر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فٹبال کی دنیا کی ہیوی ویٹ اسپین کی تمام 3 پنالٹی ککس کو روکا، جبکہ مراکش کے کھلاڑی 4 میں سے 3 ککس پر گول کرنے میں کامیاب رہے۔ یوں مراکش رواں ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والا واحد اسلامی ملک بن گیا۔

تاریخی فتح کے بعد مراکش کے کھلاڑی میدان میں ہی سجدہ ریز ہو گئے، جبکہ اسٹیڈیم میں موجودہ مراکش کے تماشائی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ واضح رہے کہ مراکش 12 سال بعد فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم ہے۔ آخری مرتبہ 2010 کے ورلڈکپ میں گھانا کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوان :