محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی بہتر نگہداشت کیلئے سفارشات جاری کردیں

بدھ 7 دسمبر 2022 17:37

محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی بہتر نگہداشت کیلئے سفارشات جاری کردیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2022ء) محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی بہتر نگہداشت کیلئے سفارشات جاری کردیں،ترجمان کے مطابق کاشتکار کپاس،مکئی اور کماد کے بعد کاشتہ گندم کو پہلا پانی بوائی کے 20 تا25 دن بعد جبکہ دھان کے بعد کاشتہ گندم کو پہلا پانی 35 تا45 دن بعد لگایا جائے۔گندم کو بقایا نائٹروجن پہلے اور دوسرے پانی کے ساتھ برابر اقساط میں استعمال کریں جبکہ ریتلی زمینوں میں پہلا پانی لگانے کے بعد نائٹروجنی کھاد کا استعمال تر وتر میں کریں۔

اسی طرح پہلی آبپاشی کے بعد کھیت وتر حالت میں آنے پر دوہری بار ہیرو چلائیں خواہ فصل چھٹہ کے ذریعے ہی کیوں نہ کاشت کی گئی ہو۔اس سے جڑی بوٹیوں کے انسداد میں مدد ملتی ہے۔ ترجمان کے مطابق گندم کی فصل میں جڑی بوٹیوں کا اگا ئو بہت جلد ہوتا ہے اور ان کی نشوونما بھی تیز ہوتی ہے جس سے پیداوار میں 42 فیصد تک کمی واقع ہو سکتی ہے ،لہذا کاشتکار جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے مربوط طریقہ انسداد اختیار اور کیمیائی زہروں کا استعمال محکمہ زراعت پنجاب کی سفارشات کے مطابق کریں۔

(جاری ہے)

معیاری سپرے کے لئے مخصوص نوزل(ٹی جیٹ یا فلیٹ فین نوزل)استعمال کریں اور پانی کی مقدار فی ایکڑ100 تا120 لٹر رکھیں۔اسی طرح زہر کے چھڑکا ئوکے بعد گوڈی اور بار ہیرو کے استعمال سے پرہیز کریں۔ ریتلے،کلراٹھے نیز بارانی علاقوں میں جڑی بوٹی مار زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کے مشورہ سے کریں۔ترجمان کے مطابق دھان کے علاقہ جہاں پہلے پانی کے بعد زمین دیر سے تر وتر حالت میں آتی ہے وہاں پانی لگانے کے بعد جب کھیت میں کیچڑ ہو توجڑی بوٹی مار زہریں یوریا کھاد یا ریت میں ملا کر بذریعہ چھٹہ استعمال کریں۔کاشتکار تیز ہوا،بارش یا دھند میں سپرے نہ کریں اور ترجیحا سپرے دھوپ میں کریں۔اسی طرح کاشتکار تمام کاشتی امور محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سرانجام دیں۔

متعلقہ عنوان :