سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر سردار ایاز صادق اور مشیر وزیراعظم قمر زمان کائرہ کی نجمہ حمید مرحومہ کی رہائش گاہ آمد، لواحقین، بہن طاہرہ اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے تعزیت کا اظہار

بدھ 7 دسمبر 2022 17:39

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر سردار ایاز صادق اور مشیر ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2022ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر سردار ایاز صادق اور وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنماء سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید مرحومہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے ان کے گھر گئے اور مرحومہ نجمہ حمید کے شوہر، صاحبزادوں، بہن طاہرہ اورنگزیب اور بھانجی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سمیت اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ اور سردار ایاز صادق نے بیگم نجمہ حمید کی ملک و قوم اور جمہوریت کے لئے خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نجمہ آپا سیاسی اختلاف کے باوجود ذاتی اور شخصی احترام پر یقین رکھنے والی عظیم خاتون تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید، بیگم نصرت بھٹو، بیگم کلثوم نواز اور بیگم نجمہ حمید وہ خواتین ہیں جنہوں نے پاکستان کی سیاست، جمہوریت اور عوام کے لئے تاریخی جدوجہد کی۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نجمہ آپا مسلم لیگی ہونے کے باوجود دیگر جماعتوں کے رہنماؤں میں بھی یکساں مقبول تھیں، وہ ایک انتہائی اخلاق والی خاتون تھیں، وہ سب کی آپا تھیں، سب ان کا احترام کرتے تھے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ نجمہ آپا آہنی عزم و ارادے کی مالک خاتون تھیں، وہ تقریر نہیں کرتی تھیں، عمل کرکے دکھاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دور آمریت میں بیگم کلثوم نواز کے ساتھ بیگم نجمہ حمید تاریخی کردار بن کر ابھریں۔ سید یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ اور سردار ایاز صادق نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔