گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی سے چیف کیپیٹل پولیس آفیسر محمد اعجاز خان کی ملاقات

ملاقات میں پشاور شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام سے متعلق پولیس اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 7 دسمبر 2022 22:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2022ء) گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی سے چیف کیپیٹل پولیس آفیسر(CCPO) پشاور محمد اعجاز خان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مئیر پشاور حاجی زبیر علی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پشاور شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام سے متعلق پولیس اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سی سی پی اوپشاور نے گورنرکوبتایاکہ پشاور میں گاڑیاں، موٹر سائیکل چوری اور موبائل چھیننے کی وارداتوں میں ملوث افراد کی سرکوبی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

گورنرحاجی غلام علی نے کہاکہ پولیس تھانوں میں داد رسی کیلئے آنیوالے افراد کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئے،منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ متعلقہ پولیس اسٹیشنز کو تعاون کرنا چاہئے تاکہ نچلی سطح پر عوام علاقہ کے تنازعات کے حل میں آسانی پیدا ہو۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں امامیہ کونسل برائے اتحاد بین المسلمین اورسابقہ فاٹا کنٹریکٹرزایسوسی ایشن کے وفود نے بھی گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے گورنرہاؤس میں الگ الگ ملاقات کی۔

امامیہ کونسل کے وفد نے گورنرکو کوچہ رسالدار بم دھماکہ کے شہداء کو معاوضوں کی عدم ادائیگی،ضم ضلع کرم میں پاک افغان سرحدی علاقوں میں زمینی تنازعات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔وفد کاکہناتھاکہ ضلع کرم میں سرحدی علاقوں کے زمینی تنازعات کا حل فوری نکلناچاہئیے جو جس کا حق بنتاہے وہ اُس کو ملناچاہئیے۔ جس پرگورنرحاجی غلام علی کاکہناتھاکہ شہداء کے معاوضوں اور ضلع کرم کے سرحدی علاقوں کے زمینی تنازعات کے حل کیلئے وفاق اورصوبائی حکومت کی سطح پر بات کریں گے اور انشاء اللہ اس کا مستقل حل نکالاجائیگا۔

سابقہ فاٹا کنٹریکٹرزایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر کو ملاقات کے دوران ٹھیکہ داروں کو ٹھیکہ کے حصول میں مالی وانتظامی مسائل وتحفظات سے آگاہ کیا۔ جس پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلا م علی کاکہناتھاکہ روزگار اور کاروبار کافروغ ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں کنٹریکٹرز کے مسائل کاحل متعلقہ محکموں کے ساتھ مل بیٹھ کر یقینی بنایاجائیگا۔

نمائندہ وفود کے مشران کومخاطب کرتے ہوئے گورنرحاجی غلام علی نے کہاکہ موجود حالات کومدنظر رکھتے ہوئے مشران نوجوانوں کی ذہن سازی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ تعلیم، اخلاقیات اور روزگار کے میدان میں کامیابیاں حاصل کرکے ایک اچھے شہری بن سکیں۔انہوں نے کہاکہ ہم سب نے متحد ہوکر صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرناہے، نفرتوں اور تعصب کاخاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ واری ہے۔گورنر وفودکے شرکاء کاگورنر ہاؤس آمد پرشکریہ بھی ادا کیا