Live Updates

میں سمجھتا ہوں نئے آرمی چیف اداروں کے درمیان عدم اعتماد کو کم کریں گے

عمران خان نے ڈبل گیم کی بات اپنے تجربے کی بنیاد پرکہی ہوگی، صدر مملکت عارف علوی کا انٹرویو میں اظہار خیال

Sajid Ali ساجد علی بدھ 7 دسمبر 2022 20:34

میں سمجھتا ہوں نئے آرمی چیف اداروں کے درمیان عدم اعتماد کو کم کریں گے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 دسمبر 2022ء ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عمران خان نےجنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے حوالے سے ڈبل گیم کی بات اپنے تجربے کی بنیاد پرکہی ہوگی، وہ معاملات سے زیادہ واقف ہیں۔ اے آر وائی نیوز کو انٹریو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی فوجی قیادت سیاست سے دور رہنا چاہتی ہے، نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اچھے آدمی ہیں، مجھے سوچ کے اعتبار سے اچھے لگے اور میں سمجھتا ہوں کہ نئے آرمی چیف اداروں کے درمیان عدم اعتماد کو کم کریں گے، میں سمجھتا ہوں سیاستدان بھی عدم اعتماد کو ختم کریں گے، اگر بات چیت ہو جائے تو ٹمپریچر نیچے آجائے گا، اسحاق ڈار بھی اس حوالے سے مثبت رویہ رکھتے ہیں، اب ساری ذمہ داری سیاست دانوں پر آجاتی ہے، اب سیاستدانوں کو مل کر کام کرنے پر سنجیدہ ہو جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ آپس میں بات کرنے سے پریشانی حل ہو جاتی ہے، آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق انگلینڈ میں مشاورت ہوتی رہی، جو لوگ یہاں ہیں ان سے مشاورت کرنے میں کوئی برائی نہیں، مشاورت سب سے ہونی بہتر ہوتی ہےاگر تعطل ہوتا تو پریشانی بڑھتی، اس لیے عمران خان کو دو تین روز پہلے ہی بتا دیا تھا کہ میں آپ سے مشاورت کروں گا، جس کے بعد آرمی چیف کی تقرری احسن طریقے سے ہو چکی ہے، اب لوگوں کو یہ اعتماد ہونا چاہیے کہ حکومت ان کے مینڈیٹ کی ہے، جس کے لیے میں اس بات پر قائل ہوں کہ جلد انتخابات بہتر حل ہو سکتے ہیں، انتخابات میں جو بھی جیتے اس کے پاس عوامی مینڈیٹ ہو۔

وزیر خزانہ کی ملاقات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے امپورٹ سے متعلق مختلف تجاویز پر بات کی، میں نے اسحاق ڈار کو توانائی بچانے سے متعلق اقدامات کرنے کی تجاویز دیں، میری تجویز ہے بازاروں کے رات کے اوقات کو کم کیا جائے، پاکستان کو درپیش معاشی مسائل سے متعلق بھی بات چیت ہوئی، یقین ہے پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات