اے ڈی بی اور ورلڈ بینک کا پاکستان کو ایک ارب 55 کروڑ ڈالر قرض دینے کا فیصلہ

یہ رعایتی قرض ہے جس پرشرح سود ایک سے دو فیصد ہے اور یہ قرض 40 سال کی مدت میں واپس کرنا ہوگا جبکہ اس قرض کا 25فیصد رواں مالی سال کے دوران جاری ہوگا، اے ڈی بی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 8 دسمبر 2022 00:07

اے ڈی بی اور ورلڈ بینک کا پاکستان کو ایک ارب 55 کروڑ ڈالر قرض دینے کا ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2022ء) اے ڈی بی اور ورلڈ بینک کا پاکستان کو ایک ارب 55 کروڑ ڈالر قرض دینے کا فیصلہ۔ یہ رعایتی قرض ہے جس پرشرح سود ایک سے دو فیصد ہے اور یہ قرض 40 سال کی مدت میں واپس کرنا ہوگا جبکہ اس قرض کا 25فیصد رواں مالی سال کے دوران جاری ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) پاکستان کوپراجیکٹ قرض کے تحت ایک ارب 55کروڑ ڈالر دیں گے۔

اے ڈی بی کی جانب سے 98کروڑ ڈالر اورعالمی بینک 50 کروڑ 75لاکھ ڈالر کا قرض دیا جائے گا۔ ذرائع اےڈی بی کے مطابق یہ رعایتی قرض ہے جس پرشرح سود ایک سے دو فیصد ہے اور یہ قرض 40 سال کی مدت میں واپس کرنا ہوگا جبکہ اس قرض کا 25فیصد رواں مالی سال کے دوران جاری ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قرض سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے منصوبے شروع کرنے پر خرچ ہوگا، قرض کی رقم سے زراعت، شاہراہوں، پلوں اور آبپاشی کے منصوبےشروع کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل اکتوبر میں  ورلڈ بینک نے کہا تھا کہ پاکستان کی امداد کے لیے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ہنگاموں منصوبوں کیلئے 2 ارب ڈالر مختص کیے جارہے ہیں۔ خزانہ ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نینجی بینہیسین اور ان کی ٹیم نے ملاقات کی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈارنے نینجی بینہیسین اور ان کی ٹیم کو ملک کو درپیشن موجودہ معاشی چینلجز سے آگاہ کیا۔

وزیرخزانہ نے بتایا کہ موجودہ حکومت ان مسائل سے واقف ہے اور ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کو پائیدار نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ وزیرخزانہ نے ورلڈ بینک کی ٹیم کو ملک میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس پر عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نیجی بینہیسن نے عالمی بینک کے جاری پروگرامز اور مستقبل میں تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔ خزانہ ڈویژن کے بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ ورلڈ بینک پاکستان کو تعاون فراہم کرنے کے لیے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ورلڈ بینک کے تحت جاری منصوبوں کے ہنگامی اقدامات سے 2 ارب ڈالر فنڈز مختص کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنگامی صورت حال کی وجہ سے رواں برس ڈیڑھ ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے۔