ماں بیٹے کو قتل کرنے والے ملزم نے زہر کھا کر خودکشی کرلی، ملزم سے متعلق اہم انکشاف

پولیس تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گھر میں چوری کی واردات کے بعد ماں اور بیٹے کو قتل کیا گیا، تحقیقات کا آغاز ہونے کے بعد غلہ منڈی سے آج پولیس کو ایک اور لاش ملی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 8 دسمبر 2022 00:28

ماں بیٹے کو قتل کرنے والے ملزم نے زہر کھا کر خودکشی کرلی، ملزم سے متعلق ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2022ء) ماں بیٹے کو قتل کرنے والے ملزم نے زہر کھا کر خودکشی کرلی، ملزم سے متعلق اہم انکشاف۔ پولیس تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گھر میں چوری کی واردات کے بعد ماں اور بیٹے کو قتل کیا گیا، تحقیقات کا آغاز ہونے کے بعد غلہ منڈی سے آج پولیس کو ایک اور لاش ملی۔ تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں ماں اور بیٹے کو قتل کرنے والے قاتل نے زہر کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

پولیس تفتیش میں انکشاف ہواکہ ملزم کے مقتولہ سے تعلقات تھے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ساہیوال میں گزشتہ رات ماں اور بیٹے کو قتل کیا گیا تھا، جن کی لاشوں کو پولیس نے قبضے میں لے کر کارروائی کے لیے استپال منتقل کیا اور واقعے کی تفتیش کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

پولیس تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گھر میں چوری کی واردات کے بعد ماں اور بیٹے کو قتل کیا گیا ہے۔

تحقیقات کا آغاز ہونے کے بعد غلہ منڈی سے آج پولیس کو ایک اور لاش ملی۔ ڈی ایس پی سٹی مہر یوسف نے آج ملنے والی لاش کو گزشتہ شب کے واقعے کی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ رات گئے ماں بیٹے کو قتل کرنے والے قاتل نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ قاتل راشد کے گھر سے چوری کیا گیا سامان ایل سی ڈی،موبائل اور مقتولہ کے کان کی بالیاں برآمد ہوئیں ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ قاتل اور مقتولہ کے آپس میں تعلقات تھے، ملزم راشد نے پولیس کی گرفتاری کے ڈر سے زہریلی گولیاں کھائیں۔ واضح رہے کہ قتل کے اس اندوہناک واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے نوٹس لیا تھا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی۔ جس کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے کارروائی تیز کر دی اور آج ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی، لیکن ملزم پہلے ہی زہر کی گولیاں کھا کر خودکشی کر چکا تھا۔