علاقہ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنا اور امن و امان کی فضا قائم رکھنا بٹگرام پولیس کی اولین ترجیح ہے، ایس ڈی پی او

جمعرات 8 دسمبر 2022 14:15

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) ایس ڈی پی او سرکل بٹگرام اورنگزیب خان نے کہا ہے کہ علاقہ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنا اور امن و امان کی فضا قائم رکھنا بٹگرام پولیس کی اولین ترجیح ہے، یہ بات انہوں نے ایس ایچ او تھانہ کوزہ بانڈہ نسیم خان ہمراہ گاؤں گجبوڑی میں علماء کرام، معززین علاقہ و علاقہ عوام کے ساتھ میٹنگ کے دوران کہی. ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق ایس ڈی پی او نے منشیات کی روک تھام،چوری ، کرایہ داری ایکٹ، ہوائی فائرنگ اور مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری و مختلف ایشوز پر میٹنگ کی۔

دوران میٹنگ علاقہ میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور دیگر اہم مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ایس ڈی پی سرکل بٹگرام نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنا اور امن و امان کی فضا قائم رکھنا بٹگرام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ تمام معززین اپنے علاقے کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ منشیات فروش،چوری ، مجرمان اشتہاری،قبضہ مافیا ،سود خوری و دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ایس ڈی پی او نے کہا کہ اپنے بچوں کی حرکات و سکنات پر ہر وقت کڑی نظر رکھیں، کمسن بچوں کو موٹرسائیکل اور گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہ دیں اور دوسروں کو بھی اس بات کی تلقین کریں. انہوں نے کہا کہ اپنے علاقہ میں مشکوک افراد پر بھی کڑی نظر رکھیں۔میٹنگ کے اختتام پر شرکا نے پولیس کے ساتھ ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔