Live Updates

ملک کی معاشی حالات سے سب پریشان ہیں، شرجیل میمن

پنجاب میں عجیب سیاست ہو رہی ہے، 10 سے 15 دن کے کنٹریکٹ پر وزارتیں دی جارہی ہیں، وزیراطلاعات سندھ

جمعرات 8 دسمبر 2022 16:16

ملک کی معاشی حالات سے سب پریشان ہیں، شرجیل میمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2022ء) سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ ملک کی معاشی حالات سے سب پریشان ہیں، معاشی حالات یہاں تک لانے میں عمران خان ذمہ دار ہیں۔سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت اپنا ہر کام ایمانداری سے کر رہی ہے، حکومت نے اسمبلی اجلاس میں موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی، سندھ کا ہر محکمہ صحیح طریقے سے کام کر رہا ہے، ہم سکھر میں بھی پیپلز بس سروس شروع کر رہے ہیں، ٹرانسپورٹ کا محکمہ بھی اچھے طریقے سے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کہتے ہیں کہ حکومت ختم کرنے جا رہے ہیں اور پنجاب کابینہ میں اضافہ ہو رہا ہے، خیبرپختونخوا میں ہر کاروباری شخص کو بھتے کی دھمکیاں آ رہی ہیں، اس وقت سب سے ز یادہ اسٹریٹ کرائمز پنجاب میں ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں عجیب سیاست ہو رہی ہے، 10 سے 15 دن کے کنٹریکٹ پر وزارتیں دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جہاں جہاں حکومت ہے وہاں بد امنی اور مہنگائی زیادہ ہے، پی ٹی آئی کی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہے، اغوا کے کیسز سب سے زیادہ خیبر پختونخوا میں ہیں۔

شرجیل میمن نے کہاکہ اس وقت ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، آٹے کا ملک بھر میں بحران ہے، سندھ میں 65 روپے کلو آٹا فروخت کیا جا رہا ہے، پنجاب میں فی کلو آٹا 100 روپے سے زائد فروخت ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں گندم کی کاشت پر فی ایکڑ ہر کسان کو 5 ہزار روپے دے رہے ہیں، سکھر میں بھی پیپلز بس سروس شروع کی جا رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات