Live Updates

فوری الیکشن سے متعلق نئی فوجی قیادت کی رائے بہت اہم ہو گی

ادارے مخالف ہوگئے تو عمران خان کی مقبولیت بھی کام نہیں آئے گی،اقتدار کے لئے عوام میں مقبولیت کے ساتھ اداروں میں قبولیت بھی ضروری ہوتی ہے۔ سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا تجزیہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 8 دسمبر 2022 16:18

فوری الیکشن سے متعلق نئی فوجی قیادت کی رائے بہت اہم ہو گی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ ،اخبارتازہ ترین۔ 08 دسمبر 2022ء) سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی عوام میں مقبولیت کے ساتھ اداروں میں قبولیت بھی ضروری ہے۔ جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ فوری الیکشن سے متعلق نئی فوجی قیادت کی رائے بہت اہم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کہ ادارے مخالف ہوگئے تو عمران خان کی مقبولیت بھی کام نہیں آئے گی۔

اقتدار کے لئے عوام میں مقبولیت کے ساتھ اداروں میں قبولیت بھی ضروری ہوتی ہے۔جب کہ سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل میں صرف پرویز الہی رکاوٹ ہیں۔ قبل ازیں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے الیکشن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ مولانا فضل الرحمان کو قرار دے دیا،انکا کہنا ہے کہ مذاکرات سے الیکشن کا راستہ نہیں نکلتا تو صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،پی ڈی ایم عوام میں جانے کی پوزیشن میں نہیں،مولانا فضل الرحمان الیکشن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ حکومت کی پالیسی ہے نہ کھیلیں گے اور نہ کھیلنے دیں گے۔ساری پارٹیاں عمران خان کاراستہ روکنے کیلئے اکٹھی ہیں،معیشت ہی قومی سلامتی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اگرمذاکرات کی کوئی سنجیدہ آفرآئی تو اتحادی حکومت غور کرے گی۔ اسمبلیاں توڑنے جیسے احمقانہ فیصلے عمران خان کرسکتے ہیں،پرویزالہٰی نہیں،پرویزالہٰی پنجاب اسمبلی نہیں توڑیں گے، پرویزالہٰی پرانے اور تجربہ کار سیاستدان ہیں۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی مذاکرات کی سنجیدہ آفر ہوتی ہے تو اتحادی حکومت ضرور غور کرے گی،اسحاق ڈار نے صدر کو اپنی اثرورسوخ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے، اسحاق ڈار نے صدر کو عمران خان کو سمجھانے کی بات کی ہے، جب سیاستدان آپس میں بیٹھتے ہیں تو ڈیڈ لاک ٹوٹتے ہیں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ اگرانہوں نے اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ کیا ہے تو توڑ دیں،ہم صوبائی الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں،الیکشن کے بائیکاٹ اور اسمبلیاں توڑنے کو غیرجمہوری عمل سمجھتے ہیں،پرویزالہٰی سے ہمارا ابھی رابطہ نہیں لیکن رابطہ ہوسکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات