Live Updates

میں حیران ہوں کہ ملکی معیشت بہتری کی بجائے دلدل میں پھنستی جارہی ہے

سیاسی عدم استحکام سے معاشی عدم استحکام پیدا کیا جارہا ہے، معیشت اور اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کس نے کیا؟دفاعی ادارے کو منقسم کرنے کی سازش ناکام بنا دی ہے۔ سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 8 دسمبر 2022 17:38

میں حیران ہوں کہ ملکی معیشت بہتری کی بجائے دلدل میں پھنستی جارہی ہے
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 دسمبر 2022ء) جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ میں حیران ہوں کہ ملکی معیشت بہتری کی بجائے دلدل میں پھنستی جارہی ہے،سیاسی عدم استحکام کے ذریعے معاشی عدم استحکام پیدا کیا جارہا ہے، معیشت اور اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کس نے کیا ؟ دفاعی ادارے کو منقسم کرنے کی سازش ناکام بنادی ہے۔

انہوں نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پارلیمنٹ،اداروں اور جمہوریت کو کمزور کیا جارہا ہے، عوام کی رائے پر ڈاکے ڈالے جارہے ہیں، آئین کی عملداری کو کمزور کیا جارہا ہے، تاکہ ملک کمزور ہو، جب سیاسی عدم استحکام ہوگا تو پھر معاشی عدم استحکام ہوجائے گا،گزشتہ ساڑھے تین سالوں میں پاکستان کی معیشت کو زمین بوس کیا گیا،میں حیران اس بات پر ہوں کہ ہم 6، 7مہینوں سے حکومت میں ہیں، لیکن ملکی معیشت بہتری کی بجائے مزید دلدل میں پھنستی جارہی ہے، کس نے پاکستان کی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا، کس نے اسٹیٹ بینک کو خودمختاری کے نام پر آئی ایم ایف کے حوالے کیا، کس نے پاکستان روپے کی قدروقیمت کو تباہ وبرباد کیا،ہماری پچھلی حکومت نے24ارب ڈالر کے ذخائر چھوڑے تھے لیکن وہ کیوں 2اڑھائی ارب ڈالر میں آگئے؟ آج ہمیں دوستوں کا اعتماد حاصل کرنا پڑرہا ہے، چین ہمارا دوست لیکن ہم نے اس کی سرمایہ کاری اور سی پیک کو منجمد کیا، ہم نے ان کے اربوں ڈالرضائع کردیے، پاکستان کے میگاپراجیکٹس اور پیکجز تباہ کیا گیا، جب سی پیک آنا تھا توچینی صدر کا دھرنے کے ذریعے راستہ روکا گیا،پاکستان کو ایک منصوبے کے تحت معاشی تباہی کی طرف دھکیلا گیا، اسلامی دنیا میں سعودی عرب قریب ترین دوست ہے لیکن ہم نے ان کے اعتماد کو نقصان پہنچایا، جب 21نومبر کو پاکستان آنے کا اعلان کیا تو عمران خان نے 21نومبر کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کردیا، بتائیں! ہم کسی ایک دوست کا بھی اعتماد حاصل کرسکے؟ ہمیں عالمی برادری سے الگ کیا گیا، آج ہمیں دوستیاں اور اعتماد بحال کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حفاظتی حصارہمارا دفاعی ادارہ ہے، پہلی بار دفاعی ادارے کو تقسیم کرنے کی سازش کی گئی لیکن ہم نے اس سازش کو ناکام بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل 2018کے الیکشن میں ان کو پیسے مہیا کررہا تھا، انڈیا ان کو پیسے مہیا کررہا تھا، فارن فنڈنگ ہورہی تھی، تاکہ اسرائیل کو تسلیم کروایا جائے اور قادیانیوں کو دوبارہ مسلمان قرار دلایا جائے، لیکن ہم نے ان کا مقابلہ کیا اور ان کے منصوبے ناکام بنا دیے ہیں، تم آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے چاہے ہمارا مُلا بھی آپ کی گود میں بیٹھ جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات