فوجی سیمنٹ ملک کی ترقی اور معیشت کے استحکام کیلئے کوشاں ہے، ایم ڈی قمر حارث منظور

جمعرات 8 دسمبر 2022 20:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر و منیجنگ ڈائریکٹر قمر حارث منظور نے کہا ہے کہ فوجی سیمنٹ ملک کی ترقی اور معیشت کے استحکام کیلئے کوشاں ہے، فوجی سیمنٹ نے انسان دوست ماحول کے پیش نظر جدید تقاضوں کے مطابق فوجی ٹائل فکسنگ بانڈ ایک نئی پراڈکٹ متعارف کرا دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ڈیلرز کیلئے منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر سیلز میں بہترین نتائج کے حامل ڈیلروں کو موٹر سائیکل اور دیگر انعامات سے نوازا گیا۔ ایم ڈی قمر حارث منظور نے کہا کہ فوجی سیمنٹ ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا برانڈ ہے اور ایک سال کی محنت سے عسکری سیمنٹ بھی اب فوجی سیمنٹ کا حصہ بن چکا ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیمنٹ کی تیاری کیلئے ڈی آئی خان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سیمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کیلئے جو قیمت ہم صارف سے لیتے ہیں معیار کی صورت میں ہم انہیں لوٹادیتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوجی سیمنٹ کمپنی نے تعمیرات کے ضمن میں اپنی ایک نئی پراڈکٹ لانچ کی ہےجسے ہم نے فوجی ٹائل فکسنگ بانڈ کا نام دیا ہے، اس پراڈکٹ کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ انسانی صحت کو ملحوظ خاطر رکھ کر تیار کی گئی ہے، جدید تقاضوں کے مطابق اسے ماحول دوست بنایا گیا ہے، یہ بانڈ لگانے والے اور ٹائل کو استعمال کرنے والوں کی صحت کیلئے نقصان دہ نہیں ہے اور نہ ہی انسانی جلد پر اس کے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔

جنرل منیجر مارکیٹنگ و سیلز بریگیڈیئر (ر) عزیز الحسن عثمانی نے صحافیوں کو بتایا کہ تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والے سیمنٹ کیلئے دنیا میں دو معیار ہیں، ایک امریکن اور دوسرا یورپی یونین کا معیار، فوجی سیمنٹ وہ واحد کمپنی ہے جو ان دونوں معیارات پر پورا اترتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ہائیڈرو کنکریٹ کیلئے فوجی سیمنٹ پاکستان میں واحد کمپنی ہے جو اس معیار کے مطابق اپنی پراڈکٹ دے رہی ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فوجی سیمنٹ افغانستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کیلئے بڑے پیمانے پر برآمد ہونے والا برانڈ ہے، جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کھلی تھی تو فوجی سیمنٹ بھارت میں بھی استعمال کیا جاتا تھا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے بتایا کہ افغانستان سمیت اس وقت فوجی سیمنٹ کی برآمدات مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار ٹن ہے جبکہ باقی کمپنیوں کے ساتھ اگر مجموعی جائزہ لیا جائے تو 3 لاکھ ٹن برآمدات ہوتی ہیں۔

سینئر منیجر سیلز و مارکیٹنگ ملک اشرف نے کہا کہ فوجی سیمنٹ ڈیلروں کو صرف کاروباری لحاظ سے نہیں دیکھتا بلکہ وہ ہماری کمپنی کے حقیقی پارٹنر ہیں، آج کی تقریب کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی اور ان سے ملاقات کا ایک بہانہ تھا۔ تقریب میں پاکستان کے دوست ملک چین کے تعمیراتی ماہرین بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر ڈیلر حضرات میں سیمنٹ کی فروخت کے حوالہ سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں قیمتی انعامات بھی تقسیم کئے۔