پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں قبائلی علاقہ جات کے انضمام سے متعلق تصاویر کی نمائش کا انعقاد

جمعرات 8 دسمبر 2022 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں قبائلی علاقہ جات کے انضمام سے متعلق تصاویر کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ تصاویر کی نمائش میں پاکستان کے اس خطہ کے مقامی طرز حکمرانی پر روشنی ڈالی گئی۔ ایک ہفتہ تک جاری رہنے والی نمائش میں ان علاقوں کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کی کوششوں کو دکھایا گیا ہے۔

پختونخوا، خطے کی بھرپور ثقافت اور پوٹینشل کے ساتھ ساتھ جرمنی کی پاکستان کے لیے حمایت مقامی گورننس، صحت اور تعلیم کے شعبہ میں ہونے والی پیش رفت کو ان تصاویر میں دکھایا گیا ہے۔ GIZ پاکستان اور اسلام آباد میں جرمنی کے سفارتخانے نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان جاری ترقیاتی تعاون کی نشاندہی کے لئے اس تصویری نمائش کا اہتمام کیا۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا حکومت کے نمائندے ، جرمن سفارت خانہ، یورپی یونین، ڈونر ایجنسیاں، کے پی کے اراکین صوبائی اسمبلی، ترقیاتی شراکت دار، تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ میڈیا کے افراد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

اس تصویری نمائش میں مختلف فوٹوگرافروں نے تعاون کیا، جن میں خاص طور پر پشاور کے فوٹو گرافرعبدالمجید گورایہ اور مہمند کے عالمگیر خان شامل ہیں۔ ان کی تصاویر میں ایک امید بھی ہے اور حقیقت بھی۔انہوں نے اپنی تصاویر میں دکھایا ہے کہ وہاں کے لوگوں کا ذریعہ معاش کیا ہے وہ کس طرح روزی کماتے ہیں اور اپنے بچوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

تصاویر میں ابھرتے ہوئے مقامی گورننس سسٹم، کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی بھی عکاسی کی گئی ہے۔ خواتین کا اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہونا، اور تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری بھی ان کا موضوع ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے ایلیمنٹری اور ثانوی تعلیم شہرام خان تراکئی نے جرمن حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

جرمن سفیر الفریڈگراناس نے کہا کہ تصاویر کی نمائش اور اس کا کیٹلاگ نہ صرف علاقوں میں متحرک بصیرت پیش کرتا ہےبلکہ یہاں کی تاریخ، خطہ کی بھرپور اور متنوع ثقافت اور روایات کو بھی پیش کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی بھی یہاں کے لوگوں اور ان کی زندگیوں میں ترقی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دیرینہ اور کامیاب ترقیاتی تعاون کی نشاندہی کی۔ جرمنی اور پاکستان کے درمیان 60 سال کے عرصے کے دوران لاتعداد ترقیاتی منصوبے نافذ کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے چیلنجز اور بدلتے ہوئے سماجی، اقتصادی اور ماحولیاتی حالات، فاٹا ترقیاتی پروگرام بھی ترقی کے میدان میں مشترکہ یورپی کوششوں کی ایک مثال ہے۔ تقریباً 40 ملین یورو کے بجٹ کے ساتھ اس پروگرام کو حکومت کی طرف سے تعاون فراہم کیا گیا تھا۔