ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے افسران و ملازمین سے الوداعی ملاقاتیں کیں

کے ایم سی کے افسران و عملے نے مرتضیٰ وہاب کے ساتھ تصاویر بنوائی اور انہیں کے ایم سی میں خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا

جمعرات 8 دسمبر 2022 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعرات کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اپنے دفتر میں افسران و ملازمین سے الوداعی ملاقاتیں کیں، کے ایم سی کے افسران و عملے نے مرتضیٰ وہاب کے ساتھ تصاویر بنوائی اور انہیں کے ایم سی میں خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا، ایڈمنسٹر یٹر کراچی سے آخری روز ملاقات کرنے والوں میں سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ عمران راجپوت، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ کنور ایوب، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد، ڈائریکٹر اسٹیٹ محمد عمران، سیکریٹری ٹو ایڈمنسٹریٹر محمد ظفر، ڈائریکٹر پروٹوکول عبدالرحیم قدوائی ، مختلف یونینوں کے نمائندے اور ایڈمنسٹریٹر سیکریٹریٹ کا اسٹاف شامل تھا، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی حیثیت سے آخری روز سٹی وارڈنز میں نئی وردیاں تقسیم کیں اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی کے افسران اور عملے نے میرے دور میں بھرپور انداز میں کام کیا اور میں ان افسران کی صلاحیتوں سے متاثر ہوا ہوں، کے ایم سی کے افسران کام کرنا چاہتے ہیں اور گزشتہ دنوں جب کراچی بارشوں کے باعث تباہ حالی کا شکار تھا ہمارے محکموں نے انتہائی ذمہ داری، محنت اور لگن سے اپنے فرائض انجام دیئے اور ایک ہزار ایک سو پچاس ملی میٹر بارش ہونے کے باوجود شہر کو بند نہیں ہونے دیا۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ سٹی وارڈنز اپنے فرائض جس طرح انجام دیتے ہیں میں انہیں شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہنا چاہئے اور حکومت سندھ شہر کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بحیثیت ایڈمنسٹریٹر کراچی کے شہریوں کی خدمت اپنے لئے اعزاز تصور کرتا ہوں اور جتنا بھی مجھے موقع میسر آیا میں نے نیک نیتی، خوش دلی اور لگن کے ساتھ کراچی کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی پاکستان کا سب سے بڑا بلدیاتی ادارہ اور اس ادارے کو مضبوط ہونا چاہئے تاکہ یہ شہریوں کے بلدیاتی مسائل کو حل کرسکیں۔سٹی وارڈنز نے طویل عرصے بعد یونیفارم ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی اس کوشش کو سراہا ، بعدازاں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ایم سی سے جب رخصت ہوئے تو افسرا ن و عملے نے انتہائی گرم جوشی سے انہیں رخصت کیا اور ان کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے عیسیٰ لیبارٹری اور کے ایم سی کے اشتراک سے لگایا جانے والے طبی کیمپ کا بھی معائنہ کیا جہاں کے ایم سی کے افسران و ملازمین کے مختلف لیبارٹری ٹیسٹ کئے جا رہے تھے۔انہوں نے اس موقع پر عملے کو شاباش دی اور ان سے ان ٹیسٹوں کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے کہا کہ عیسیٰ لیبارٹری کے زیر انتظام طبی کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے اور مجھے خوشی ہے کہ کیمپ میں تمام ٹیسٹ مفت کئے جا رہے ہیں اس سے عملے کو اپنی صحت سے متعلق مفید معلومات حاصل ہوں گی اور ان ٹیسٹوں کے نتائج کی روشنی میں علاج معالجے میں مدد فراہم ہوگی، منیجر کارپوریٹ عائشہ ممتاز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک کیمپ میں سینکڑوں ملازمین کے خون کے نمونہ جات حاصل کرلئے گئے ہیں اور ان ٹیسٹ کے نتائج سے انہیں آگاہ کیا جائے گا اور آئندہ بھی عیسیٰ لیبارٹری بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے مختلف مقامات پر کیمپوں کا انعقاد کرتی رہے گی۔

انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اس سلسلے میں بھرپور تعاون کیا۔