کے ایم سی کے اسپیشل گرانٹ میں سے 5 کروڑ کی کٹوتی سے پنشنرز 5 فیصد اضافے کی ادائیگی سے محروم رہ گئے،سید ذوالفقار شاہ

جمعرات 8 دسمبر 2022 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2022ء) سجن یونین سی بی اے کے ایم سی کے مرکزی صدر سیدذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ ایک جانب تو صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کی OZT گرانٹ میں 15 فیصد اضافہ کردیا گیا جبکہ دوسری جانب ایک بار پھر کے ایم سی کی اسپیشل گرانٹ میں سے 5 کروڑ روپے کی مسلسل تیسری بار گرانٹ کو لون میں تبدیل کرکے کٹوتی کرکے کے ایم سی کے 22 ہزار پنشنرز کو 5 فیصد پنشن میں اضافے سے محروم کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی گرانٹ کا پیکیج دیا تھا جس پر پہلے 7 ماہ قبل 5 کروڑ کی کٹوتی کی گئی جسے دو ماہ بعد ختم کردیا پھر 4 ماہ قبل دوبارہ 5 کروڑ کی کٹوتی قسط کے طور پر کردی جسے تین ماہ قبل ختم کردیا گیا،اب تیسری بار ماہ دسمبر کی OZT گرانٹ اور اسپیشل گرانٹ سے 5 کروڑ کی کٹوتی کردی گئی جو کہ حکومت سندھ کے موجودہ ایڈمنسٹریٹر پر عدم اعتماد کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے اس سلسلے میں نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔