ضلعی الیکشن کمشنر آفس سجاول کی جانب سے ووٹرز کے قومی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا

جمعرات 8 دسمبر 2022 23:11

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2022ء) ضلعی الیکشن کمشنر آفس سجاول کی جانب سے ووٹرز کے قومی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا اورعوام الناس میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے ریلی بھی نکالی گئی۔ ضلع سجاول ووٹرز کا قومی دن منایا گیا۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس سجاول کی جانب سے عوام بالخصوص طالبات کو ووٹ کی اہمیت اور رجسٹریشن کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔

اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سجاول خالد حسین لُنڈ، پرنسپل ڈگری کالج پروفیسر امجد جوکھیو، ڈی او اسپورٹس ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر معشوق خواجہ، جمیعت علماء اسلام کے جنرل سکریٹری اشرف میمن، نجیب سرویچ، حسین آزاد نثار میمن،شبیرمیمن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹرز کا قومی دن کا مقصد عوام کو اپنے ووٹ کی اہمیت کے متعلق آگاہی فراہم کرنا اور ان کا ووٹ کے اندراج کے لئے حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کرکے انتخابی عمل کا حصہ بن کر اپنا جمہوری حق استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کا اندراج اور استعمال عوام کا دیگر بنیادی حقوق کی طرح ہیں اس لئے پاکستان کا ہر وہ شہری جس کی عمر 18 سال ہو چکی وہ اپنا قومی کمپیوٹرائز شناختی کارڈ بنوا کر ووٹ کا اندراج کرائیں اور آئندہ بلدیاتی و عام انتخابات میں اپنا نمائندہ منتخب کرنے کے لئے اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں۔ اس موقع پر ووٹ کی اہمیت و رجسٹریشن کے متلق تقاریر بھی کی گئیں جبکہ سیمینار کے اختتام پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سجاول خالد حسین لُنڈ کی قیادت میں ڈگری کالج سے مین بس اسٹاپ تک ریلی نکالی گئی جس میں مختلف محکمہ تعلیم کے اساتذہ، طلباء نے شرکت کی۔