دسمبر سے فروری تک باغبان لیچی، پپیتے، کیلے اور کاغذی لیموں کو سردی و کورے سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات کریں

جمعہ 9 دسمبر 2022 13:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2022ء) دسمبر سے فروری تک پھلدار پودے کورے و سردی کی شدید لپیٹ میں ہوتے ہیں لہٰذا باغبان لیچی، پپیتے، کیلے اور کاغذی لیموں کو سردی و کورے سے بچانے کیلئے فوری خصوصی حفاظتی وتدارکی اقدامات یقینی بنائیں۔پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ محکمہ زراعت فیصل آباد چوہدری اسرار احمد نے کہا کہ سدا بہار پودوں میں لیچی، پپیتا، کیلا اور کاغذی لیموں وغیرہ سردی اور کورے سے بے حد متاثر ہوتے ہیں جس سے پیداوار اور پھل کی کوالٹی میں خاطر خواہ کمی ہوتی ہے اسلئے پھلدار پودوں کو درجہ حرارت کی زیادتی یا کمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جائے۔

انہوں نے کہاکہ کم سے کم درجہ حرارت معلوم کرنے کیلئے باغ میں پانچ فٹ بلندی پر تھرما میٹر لگا لیں، یہ تھرما میٹر چار ہیکٹررقبہ کا درجہ حرارت معلوم کرنے کیلئے کافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سادہ طریقہ سے بھی کورا پڑنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے اس کیلئے ایک چوڑے برتن میں آدھا انچ گہرائی تک پانی ڈال کر اسے کھلے کھیت یا باغ میں رکھیں اور اگر یہ پانی شام کے وقت جمنے لگے تو کورا پڑنے کا احتمال ہوتا ہے نیز آم کے پودوں کو سردی اور کہر سے بچانے کیلئے جنتر جیسے پودوں کی چھڑیوں کا پودے کی قامت تک ڈھانچہ بنا کر اس کو پرالی یا پولی تھین سے ڈھانپ دیں۔

انہوں نے کہاکہ اکثر اوقات باغبان ڈھانچہ بنائے بغیر کھوری یا پرالی سے پودے ڈھانپ دیتے ہیں جو کہ ٹھیک نہیں ہے جبکہ بعض کاشتکار ڈھانچہ بنانے کی بجائے پودے کے ارد گرد کیلا کاشت کر دیتے ہیں مگر ایسا کرنے سے پودا کورے کے نقصان سے تو بچ جاتا ہے لیکن پودے کی خوراک کا بیشتر حصہ کیلا حاصل کر لیتا ہے اور آم کے پودے کمزور ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بعض باغبان اکتوبر، نومبر میں چارے کی فصل یعنی باجرہ وغیرہ کاشت کر دیتے ہیں اس طرح پودے کورے کے نقصان سے تو بچ جاتے ہیں لیکن بہت سارے خوراک کے اجزاء چارے کی فصلات کی نذر ہو جاتے ہیں اور ثمر آور درختوں کو فائدے کی بجائے نقصان ہوتا ہے اور پھل کی پیداوار پر برا اثر پڑتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ باغبان کورے یا کہر کی متوقع راتوں کو کھیتوں میں پانی دیں کیونکہ اس سے آم، امرود اور ترشاوہ پھلوں کے پودوں کو کورے کے اثر سے آسانی سے بچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کے بھوسے، گھاس پھوس یا کسی ایسی چیز پر بھٹی میں استعمال شدہ فرنس آئل کو جلا کر مختلف جگہوں پر دھواں پیدا کریں نیز اس کے ساتھ ساتھ ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والی موسمی پیش گوئی سے آگاہ رہیں تاکہ قبل از وقت سردی اور کورے سے بچاؤ کیلئے اقدامات کیے جاسکیں۔\932

متعلقہ عنوان :