ابرار احمد نے پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی 70 سالہ تاریخ کا انوکھا ریکارڈ بنا ڈالا

ڈیبیو ٹیسٹ میچ کے پہلے سیشن میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی باولر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 9 دسمبر 2022 12:49

ابرار احمد نے پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی 70 سالہ تاریخ کا انوکھا ریکارڈ بنا ..
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 دسمبر 2022ء ) ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنالیے۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان میں مسٹری سپنر کے نام سے مشہور ابرار احمد نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کر کے سب کی توجہ اپنی طرف کرائی۔

انہوں نے زیک کرولی کو 19 رنز پر بولڈ کیا۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد انگلش بیٹرز کی تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کرنے کا انداز اپنایا، اس دوران بین ڈکٹ اور اولی پوپ کے درمیان 79 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے ابرار احمد نے ہی انگلینڈ کی دوسری پارٹنرشپ 117 رنز پر توڑی جب انہوں نے بین ڈکٹ کو 63 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

(جاری ہے)

انگلش ٹیم کی تیسری وکٹ بھی ابرار احمد نے حاصل کی۔

ابرار احمد نے جو روٹ کو 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ڈیبیو کرنے والے بولر نے انگلش بیٹرز کو پریشان کیے رکھا اور اس دوران انہوں نے اولی پوپ کو 60 رنز پر آؤٹ کیا۔ ابرار احمد نے انگلینڈ کے بیٹرز کو سپن کے جال میں پھنسائے رکھا اور پانچویں وکٹ بھی حاصل کی۔ انہوں نے ہیری بروک کو 9 رنز پر آؤٹ کیا اور پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

ابرار احمد اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میچ کے پہلے سیشن میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی باولر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل فاسٹ باولر وہاب ریاض نے 2010ء میں انگلینڈ ہی کے خلاف اوول ٹیسٹ میں اپنے ڈیبیو پر پہلے دن 5 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ ٹاس جیتنے کے بعد بین سٹوکس کا کہنا تھا کہ راولپنڈی سے مختلف پچ ہے، کوشش ہوگی پاکستان کو انڈر پریشر رکھیں۔ اس موقع قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے تاہم جلد انگلش بیٹرز کی وکٹیں حاصل کرکے میچ میں کم بیک کریں گے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ اور حارث رؤف انجریز کے باعث ملتان ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں، ابرار احمد آج ڈیبیو کریں گے جبکہ نسیم شاہ اور اظہر علی کی جگہ فہیم اشرف اور محمد نواز کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ پاکستانی سکواڈ میں کپتان بابراعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، فہیم اشرف، زاہد محمود، ابرار احمد اور محمد علی شامل ہیں۔

انگلینڈ کا سکواڈ کپتان بین سٹوکس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، ول جیکس، اولی رابنسن، جیک لیچ، مارک ووڈ اور جیمز اینڈرسن پر مشتمل ہے۔ یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔