پارٹی میں شعبہ خواتین کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے ،سینیٹر نزہت صادق

جمعہ 9 دسمبر 2022 13:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2022ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی صدر وسینیٹر نزہت صادق نے کہاہے کہ پارٹی میں شعبہ خواتین کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے اور خواتین نے ہمیشہ پارٹی کے قائد نواز شریف کی قیادت میں ملک وقوم کی ترقی کیلئے انتھک محنت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ شعبہ خواتین کو مزید منظم اور مضبوط کیا جائے تاکہ آئندہ انتخابات میں اچھے نتائج حاصل کیے جاسکیں ـ پاکستان مسلم لیگ (ن ) اسلام آبادشعبہ خواتین کا ایک تنظیمی اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہواجس کی صدارت مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اورسینیٹر نزہت صادق نے کی،اجلاس میں پارٹی کے شعبہ خواتین کی کارکردگی کاجائزہ لیاگیااوراس کومزیدفعال بنانے کیلئے لائحہ عمل تیارکیاگیااورفرح ناز اکبر کوصدرمسلم لیگ(ن)اسلام آباد شعبہ خواتین کا نوٹیفکیشن دیاگیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خصوصی دعوت پر مسلم لیگ(ن) فیڈرل کپیٹل اسلام آباد کے صدر وسابق وفاقی وزیر طارق فضل چودھری اور مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری و سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان سمیت کثیر تعداد میں مسلم لیگی خواتین نے شرکت کی۔ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین اپنے اپنے علاقوں میں پارٹی کے تشخص کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کریں اور عوام میں یہ شعور اجاگر کریں کہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو نواز شریف کی قیادت میں ملک کو تمام درپیش مسائل سے نہ صرف نکال سکتی ہے بلکہ ملک کو پوری دنیا میں ایک اعلیٰ باوقار مقام دلوانے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے ، ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کی جڑیں عوام میں ہیںـمسلم لیگ(ن) اسلام آبادشعبہ خواتین ونگ کے نومنتخب صدر فرح ناز اکبر نے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ شعبہ خواتین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرناوقت کی اہم ضرورت ہے، ہم نے ہر دور میں پارٹی کی مضبوطی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے ،پہلے بھی مشکل وقت میں پارٹی کیلئے جدوجہدکرتے رہے اور اب نئی ذمہ داری ملنے کے بعد تمام پارٹی عہدیداروں ،ورکرز اور سپورٹرز کے ساتھ مل کراسلام آباد میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اپنے ٹکٹ ہولڈرز کوکامیاب کروانے کیلئے جوش و جذبے کے ساتھ کام کریں گے۔

فرح ناز اکبرنے مزید کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کامنشورگھرگھرپہنچانے میں مسلم لیگ(ن) کی خواتین کارکن اپنا کرداربھرپورطریقے سے اداکریں ،تاکہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے اقتدارمیں آئے ،مسلم لیگ(ن) نظریہ پاکستان کی محافظ جماعت ہے، پہلے بھی قائد میاں نوازشریف کے بیانیہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر الیکشن لڑا ہے آئندہ بھی اسی نعرے پر الیکشن لڑیں گے ، مسلم لیگ(ن) ہی واحدجماعت ہے جس کے پاس ایک معاشی ٹیم اوراقتصادی ایجنڈاہے جس کے ذریعے عوام کو ایک بارپھرریلیف دے کران کا معیارزندگی بلندکرے گی۔