Live Updates

عمران خان اگر مگر چھوڑیں اور پنجاب اسمبلی توڑیں،رانا ثناء اللہ کا چیلنج

پی ٹی آئی کو پنجاب کے الیکشن میں شکست سے دوچار کریں گے،ہم اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کے حق میں ہیں،نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی گئیں،وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 9 دسمبر 2022 15:18

عمران خان اگر مگر چھوڑیں اور پنجاب اسمبلی توڑیں،رانا ثناء اللہ کا چیلنج
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2022ء) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مگر چھوڑیں اور اسمبلی توڑیں،آپکو پنجاب کے الیکشن میں شکست سے دوچار کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مایوسی میں اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا اور اب اس پر عمل کریں،ہم نے پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑنے اور تیاری کا فیصلہ کیا ہے،نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے تحت اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کے حق میں ہیں،انہوں نے ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا عام انتخابات آئندہ سال اکتوبر میں ہی ہوں گے،اگر صوبائی اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو انتخابات 90 روز میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب اسمبلی کے الیکشن میں بھرپور مقابلے کریں گے،ہر حلقے میں دو امیدواروں کو نامزد کیا جائے گا۔

عمران خان اسمبلی توڑیں اور الیکشن کرائیں فیصلہ ہو جائے گا۔اسحاق ڈار نے صدر سے جو بات کی اس پرعمل ہوتا ہے تو اچھی بات ہے،ملک کو عدم استحکام سے نکالنے کیلئے چارٹر آف اکانومی کی ضرورت ہے،ملک میں معاشی عدم استحکام کو کوئی ایک جماعت ٹھیک نہیں کرسکتی۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شریف فیملی کی بے گناہی کے ثبوت دنیا بھر سے آرہے ہیں،شریف فیملی کے خلاف جو کیسز تھے ان کے میرٹ پر فیصلے آئے ہیں۔

شہبازشریف پر سیلا ب متاثرین کیلئے گرانٹ میں خورد برد کا الزام لگایا گیا،شہبازشریف کے خلاف الزام 5 بار ثابت کرنے کی کوشش کی گئی۔چیئرمین پی ٹی آئی اور شہزاد اکبر نے ڈیلی میل کے صحافی سے ملاقات کی لیکن شہبازشریف کے خلاف جب کوئی ثبوت پیش نہ ہوا تو انہوں نے معافی مانگ لی عمران خان اور شہزاد اکبر کو شریف فیملی اور قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتقام او رانا کی تسکین کیلئے سابق وزیر اعظم نے مخالفین کے خلاف مقدمات بنائے،عمران خان نے بطور وزیراعظم ملک کو نقصان پہنچایا۔گزشتہ روز گھڑی سے متعلق آڈیو سب کے سامنے ہے،گھڑی سے متعلق آڈیو کی پی ٹی آئی کی طرف سے تردید ہوئی،بات گھڑی کی نہیں پوری توشہ خانہ کے تحائف بیچے گئے۔ رانا ثناء اللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں انتظار ہی کرتا رہ گیا اور عمران خان اسلام آباد آئے ہی نہیں،وہ راولپنڈی میں جلسہ کر کے واپس چلے گئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات