’جب تک جان ہے ٹیم پر قربان ہے‘، شاہین آفریدی نے فائنل میں زخمی ہونے کی کہانی بتا دی

'جب میں گرا مجھے لگا میرا گھٹنا کٹ گیا ہے، فزیو آئے تو میں نے کہا ورلڈ کپ فائنل ہے، میرے دو اوورز باقی ہیں، جانا ضروری ہے،فزیو نے کہا آپ نا جائیں ،کوئی بڑا مسئلہ نا ہو جائے، میں نے ایک گیند کرائی تو کپتان نے کہا اب آپ واپس چلے جائیں' :پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 9 دسمبر 2022 15:35

’جب تک جان ہے ٹیم پر قربان ہے‘، شاہین آفریدی نے فائنل میں زخمی ہونے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 دسمبر 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے فائنل میں گرنے اور پھر گھٹنے میں تکلیف کی تفصیل بتائی ہے۔ سوشل میڈیا پر شاہین کی قومی ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں شاہین نے فائنل کے حوالے سے بات کی، کرکٹر نے کہا 'جس وقت میں گرا مجھے لگا میرا گھٹنا کٹ گیا ہے، درد بہت زیادہ تھا، مجھ سے چلا بھی نہیں جا رہا تھا'۔

شاہین نے کہا 'حارث میرے ساتھ تھا، وہ کہہ رہا تھا بار بار کہ آجاؤ جس پر میں نے کہا رکو مجھے دیکھنے تو دو، مجھے لگ رہا تھا کچھ اور مسئلہ ہوگیا ہے۔ فزیو آئے تو میں نے انہیں کہا ورلڈ کپ فائنل ہے، میرے دو اوورز باقی ہیں، میرا جانا ضروری ہے'۔

(جاری ہے)

کرکٹر نے کہا 'فزیو نے مجھے کہا آپ نا جائیں سوجن بڑھ جائے گی، کوئی بڑا مسئلہ نا ہو جائے، میں نے جب اوور کی ایک گیند کرائی تو کپتان نے کہا نہیں اب آپ نہیں کروائیں اور واپس چلے جائیں'۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'میری ہمیشہ کوشش رہی ہے اور رہے گی کہ جب تک جان ہے، اس ٹیم پر قربان ہے'۔
خیال رہے کہ گھٹنے کی تکلیف سے دوچار شاہین شاہ آفریدی کا نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ری ہیب جاری ہے، کرکٹر کا تین ہفتے قبل اپینڈکس کا آپریشن بھی ہوا تھا۔ شاہین آفریدی کو گھٹنے کی تکلیف سے نجات کے لیے ری ہیب تجویز کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے فاسٹ بولر نے کہا کہ میں تین چار روز سے ری ہیب کر رہا ہوں اور اب بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں، میں جم ٹریننگ کر رہا ہوں، سائیکلنگ بھی کرتا ہوں،کوشش ہے کہ جلد میدان میں واپسی ہو ۔