ٹک ٹاکرعائشہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

دیگر گواہوں سمیت گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم، سماعت 5 جنوری تک ملتوی

جمعہ 9 دسمبر 2022 17:22

ٹک ٹاکرعائشہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2022ء) لاہور کی سیشن عدالت نے مینار پاکستان ہراسگی کیس میں خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ایڈیشنل سیشن جج عشرت عباس نے گزشتہ روز ہونے والی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ خاتون ٹک ٹاکرکے وارنٹ گرفتاری بطور گواہ پیش نہ ہونے پرجاری کیے گئے۔عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو عائشہ اکرم سمیت دیگرگواہوں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تحریری فیصلے میں مدعیہ سمیت دیگر گواہان کو بھی طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کو مدعیہ سمیت کسی گواہ نے اہمیت نہیں دی لہٰذا وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں ۔ عدالت نے سماعت 5جنوری تک ملتوی کردی ۔تھانہ لاری اڈا پولیس نے مینار ٹک ٹاکرعائشہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال یوم آزادی پر مینار پاکستان پر بدسلوکی کا نشانہ بننے والی خاتون ٹکر ٹاکرعائشہ اکرم نے وہاں موجود ساتھی ریمبو پر بلیک میلنگ اور نازیبا ویڈیوز بنانے کا الزام عائد کیا تھا،جس کے بعد پولیس نے ریمبو سمیت 8افراد کو گرفتارکرلیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کو دیئے گئے تحریری بیان میں ٹک ٹاکرکا کہنا تھا کہ ریمبو نے اسکی نازیبا ویڈیوز بنا رکھی ہیں، جس کی بنا پربلیک میل کرتا ہے اور اب تک 10 لاکھ روپے ہتھیا چکا ہے آدھی تنخواہ بھی ریمبو کو دیتی ہوں جبکہ یوم آزادی پر گریٹر اقبال پارک جانے کا منصوبہ بھی ریمبو نے بنایا تھا۔عائشہ نے 12 افراد کیخلاف تحریری بیان دیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ریمبوسمیت 7افراد کو حراست میں لیاتھا۔

واضح رہے کہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں 14اگست کو خاتون ٹک ٹاکرکی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سیکڑوں افراد اسے ہراساں کررہے تھے۔ اس دوران عائشہ کے کپڑے پھاڑنے اورزدوکوب کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔واقعے کے بعد پولیس نے 300 سے زیادہ افراد کو جیوفنیسنگ کی مدد سے حراست میں لیا تھا، تاہم خاتون ٹک ٹاکر نے نے شناخت پریڈ میں صرف6 ملزمان کو شناخت کیا تھا۔