سٹیٹ بینک اوپن مارکیٹ اور انٹربینک ڈالر ریٹ میں فرق کا فوری نوٹس لے‘ فائونڈرز گروپ

جمعہ 9 دسمبر 2022 17:30

سٹیٹ بینک اوپن مارکیٹ اور انٹربینک ڈالر ریٹ میں فرق کا فوری نوٹس لے‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2022ء) فائونڈرز گروپ کے میڈیا کوآرڈینیٹر اور ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید سٹیٹ بینک پر زور دیا ہے کہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریٹ میں تقریبا پچاس روپے فرق کا نوٹس لے ۔ ایک بیان میں فائونڈرز گروپ کے میڈیا کوآرڈینیٹر نے کہا ہے کہ صرف ڈالر کی قیمت کم کرنا ہی ایک بڑا چیلنج نہیں بلکہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں بھاری فرق کو کنٹرول کرنا بھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی اوپن مارکیٹ میں زیادہ ڈالر ریٹ کی وجہ سے بینکنگ ذرائع کے بجائے ہنڈی اور حوالہ کو ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ اس طرح انہیں ایک ڈالر کے عوض پچیس روپے زائد مل رہے ہیں۔ خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ اکانومی کی حالت پہلے ہی ٹھیک نہیں ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر تشویشناک حد تک کم ہوگئے ہیں ۔ یہ ساری صورتحال تقاضا کرتی ہے کہ سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان فوری طور پر حرکت میں آئے گا۔