بلوچستان ہائی کورٹ کا اعظم سواتی کو رہا کرنے کا حکم

ہائی کورٹ نے اعظم سواتی پردرج 5مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا ہے،اقبال شاہ پراسیکیوشن اور تفتیشی افسر عدالت میں سوالات کا کوئی جواب نہیں دے سکے، وکیل اعظم سواتی

جمعہ 9 دسمبر 2022 17:42

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2022ء) بلوچستان ہائی کورٹ نے اعظم سواتی پر صوبے میں دائر تمام مقدمات ختم کرنے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا۔جمعہ کوبلوچستان ہائی کورٹ میں سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے نے والد کے خلاف مقدمات ختم کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس ہاشم کاکڑ کی جانب سے درخواست پرسماعت کی، عدالت نے صوبے میں اعظم سواتی کے خلاف تمام ایف آئی آرختم کرنے کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے پولیس کو اعظم سواتی کو رہا کرنے کا حکم بھی جاری کیا ، صوبائی پولیس سینیٹراعظم سواتی کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے بلوچستان لائی تھی۔بعد ازاں اعظم سواتی کے وکیل اقبال شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہائی کورٹ نے اعظم سواتی پردرج 5مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا ہے، پراسیکیوشن اور تفتیشی افسر عدالت میں سوالات کا کوئی جواب نہیں دے سکے، عدالتی فیصلہ حاصل کرنے کے بعد اعظم سواتی کی ریلیز کیلئے جائیں گے۔