Live Updates

عمران خان کی ارکان کو مہنگائی کیخلاف اورجلد انتخابات کیلئے احتجاجی ریلیوں کی ہدایت

آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی، جمہوریت کی بقاء اور استحکام کیلئے عوام سے رجوع ضروری ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اراکین اسمبلی کی ملاقات

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 9 دسمبر 2022 18:24

عمران خان کی ارکان کو مہنگائی کیخلاف اورجلد انتخابات کیلئے احتجاجی ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر 2022ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی پی ٹی آئی ارکان کو جلد انتخابات اور مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالنے کی ہدایت کردی ہے، عمران خان سے ملاقات میں ارکان اسمبلی نے کہا کہ جمہوریت کی بقاء اور استحکام کیلئے عوام سے رجوع ضروری ہے، آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے حافظ آباد، گجرات اور منڈی بہاوالدین کے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں سیاسی حکمت عملی اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے عمران خان کے ایوانوں سے نکلنے کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔ ارکان نے حقیقی آزادی کی تحریک اور انتخابات کے فوری انعقاد کے مطالبے کی مکمل تائید بھی کی۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا کہنا ہے کہ نیا عوامی مینڈیٹ ہی بحرانوں سے نجات کا واحد حل ہے، تبدیلی سرکار کی سازش سے عوام کو معاشی وسیاسی حقوق سے محروم کیا گیا۔

آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے تحریک انصاف کے ساتھ دو دہائیوں سے وابستہ کارکنوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پرانے کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں،آپکی طویل جدوجہد پر مجھے فخر ہے۔آپ کی انصاف کیلئے جدوجہد ہمیشہ تاریخ کا حصہ رہے گی،کارکن نشیب و فراز میں ساتھ کھڑے رہے اور تحریک انصاف کے نظریے کا ساتھ دیا ہے،آپ انتخابات کی تیاری کریں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی سے وابستگی رکھنے والے دیرینہ اور نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا،ملکی مسائل کا واحد حل شفاف اور جلد انتخابات ہیں۔ ہماری حقیقی آزادی کی جنگ پاکستان میں موجود مافیا کیخلاف ہے۔ 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات