نیپرا کا " بجلی سیکورٹی کے ساتھ" مہم کے تحت "سائبر سیکورٹی روڈ میپ، پریکٹیشنرز اپروچ" کے موضوع پرویبینار

جمعہ 9 دسمبر 2022 22:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2022ء) چئیرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) توصیف ایچ فاروقی نےکہا کہ پاور سیکٹر کی آپریشنل ٹیکنالوجی (او ٹی) اثاثوں کی سائبر سیکورٹی ہماری اولین ترجیح ہے اور یہ کہ انڈسٹریل کنٹرول سسٹمز/آپریشنل ٹیکنالوجی انڈسٹرل ریسپانس ٹیمیں سائبر حملوں کے خلاف دفاع کی پہلی لائن ہونے کے طور پر ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بہترین بین الاقوامی طریقوں اور سائبر سیکورٹی فریم ورک کو اپنانا ہوگا جوآپریشنل ٹیکنالوجی اور آئی ٹی دونوں سائبرسیکورٹی کا احاطہ کرتے ہیں ۔ انہوں نےان خیالات کا اظہارنیپرا کے " بجلی سیکورٹی کے ساتھ" مہم کے تحت "سائبر سیکورٹی روڈ میپ، پریکٹیشنرز اپروچ" کے موضوع پر جمعہ کو ہونے والےویبینار میں کیا۔

(جاری ہے)

ویبینار کا مقصد پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں سائبر سیکورٹی کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔

ویبینار میں سائبر سیکورٹی ماہرین، سابق ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے عمارحسین جعفری، محمد مناف اور کے الیکٹرک کی جانب سے رضی فاروقی سمیت پاور سیکٹر کےاسٹیک ہولڈرز اور نیپرا کے ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ عمار حسین جعفری نے کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں (سی ای آر ٹی)، سیکٹرل اورانٹرنیشنل سی ای آر ٹیز کی اہمیت، کردار اور ذمہ داریوں اور پاکستان پاور سیکٹر میں سی ای آر ٹیز کے قیام کے لیے آگے بڑھنے کے طریقے کے بارے میں بتایا۔

محمد مناف نے شرکاء کو کمیونیکیشن پلان،سی ای آر ٹی ٹیم کے ماڈلز اور سائبر حملوں کے ردعمل کے منصوبے تیار کرنے پر غور کرنے والے اہم عوامل کے بارے میں آگا ہ کیا۔ رضی اے فاروقی نے شرکاء کوکے الیکٹرک میں سی ای آر ٹی کے قیام اورآپریشنل ٹیکنالوجی کے اثاثوں میں سائبر سیکورٹی کو نافذ کرنے کے دوران درپیش اہم مشکلات پرروشنی ڈالی ۔ ویبینار تفصیلی سوالات و جوابات کے سیشن کے بعد اختتام پذیر ہوا۔