گوگل نے پاکستان میں بطور کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کرا لی

گوگل کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل ہوگا: وفاقی وزیر امین الحق

muhammad ali محمد علی جمعہ 9 دسمبر 2022 23:06

گوگل نے پاکستان میں بطور کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کرا لی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2022ء) دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل کی پاکستان میں دفتر کھولنے کی راہ ہموار ہوگئی، گوگل نے پاکستان میں بطور کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹریشن کرا لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل ایشیا پیسیفک نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹریشن کروالی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر امین الحق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے ہے کہ گوگل حکام سے رابطے جاری ہیں، دسمبر کے دوسرے ہفتے میں وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے،گوگل وفدسے ملاقات میں پالیسیز،مسائل، حکومتی تعاون سمیت دیگرامور پرگفتگو ہوگی۔

گوگل آفس کا قیام پاکستانی صارفین کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، گوگل آفس یوٹیوب سمیت گوگل کی تمام ایپلی کیشنزسے متعلق امورکی نگرانی کرے گا جس سے ایڈورٹائزنگ سے متعلق معاملات پرصارفین کوفوری ریسپونس مل سکے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ گوگل کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل ہوگا۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کے مطابق گوگل نے پاکستان میں اپنے آپریشنز شروع کرنے کیلئے مئی میں درخواست دی تھی۔

گوگل کی جانب سے پاکستانیوں کو 15 ہزار اسکالرشپس دی جائیں گی، گوگل کی رجسٹریشن کے لیے بڑی محنت کی گئی۔ بتایا گیا کہ گوگل کے ساتھ بات چیت کا عمل کافی عرسے سے جاری تھا، جبکہ گوگل کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی پاکستان میں اپنا آپریشنز شروع کرنے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر امین الحق کے مطابق فیس بک کی ٹیم سے ملاقات ہو چکی ہے اور جلد ان کا وفد بھی پاکستان آئے گا۔ٹک ٹاک نے بھی پاکستان میں دفتر کھولنے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں ٹک ٹاک پاکستان میں اپنا دفتر کھولے گا۔