فیفا ورلڈکپ میں برازیل کا سفر اختتام پذیر

ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں کروشیا نے 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن کو شکست دے دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 9 دسمبر 2022 22:52

فیفا ورلڈکپ میں برازیل کا سفر اختتام پذیر
دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2022ء) فیفا ورلڈکپ میں برازیل کا سفر اختتام پذیر، ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں کروشیا نے 5 مرتبہ کی عالمی چیمپئن کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق قطر میں جاری 22 واں ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔ فٹبال ورلڈ کے قطر میں سجے عالمی میلے میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں، ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ شروع ہو گیا، اب صرف 6 مزید میچز باقی ہیں۔

ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں برازیل کو کروشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں کوئی گول نہ اسکور کر سکیں، جس کے بعد اضافی وقت کے پہلے ہاف میں پہلے برازیل نے گول کیا، جبکہ دوسرے ہاف میں میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل کروشیا نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

(جاری ہے)

اضافی وقت ختم ہونے پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابر رہا، جس وجہ سے میچ کا فیصلہ کرنے کیلئے پنالٹی ککس مرحلہ شروع ہوا۔

پنالٹی ککس مرحلے میں برازیل 2 گول کر سکی، جبکہ کروشیا نے 4 گول کیے، یوں کروشیا فتح حاصل کر کے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ میگا ایونٹ کا دوسرا کوارٹر فائنل ارجنٹینا اور نیدرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا اور چوتھا کوارٹر فائنل میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ پرتگال کے خلاف الثمامہ سٹیڈیم، دوحہ میں ہوگا اور یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا۔

جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن فرانس کے درمیان البیت اسٹیڈیم، الخور میں کھیلا جائے گا جو رات 12 بجے شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 دسمبر جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 دسمبر کو جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔