پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ آف کرتارپور نے قرضہ جات کی واپسی شروع کر دی،ترجمان

بدھ 14 دسمبر 2022 13:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2022ء) کرتارپور میں انتظامی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے۔ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ آف کرتارپور نے اب قر ض مانگنے کی بجائے پہلے سے حاصل کردہ قرضہ جات کی واپسی شروع کر دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بجلی ،پٹرول کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت کی جا رہی ہے اور تنخواہوں سمیت دیگر بے ہنگم اخراجات پر کافی حد تک قابو پا یا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ موجودہ انتظامیہ نے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کا ٹارگٹ بھی حاصل کر لیاہے ،بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں اور یاتریوں کی سہولیات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس سے سکھ کمیونٹی میں خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی نے اس کامیابی کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے مقامی ٹیم کی کارکردگی و اقدامات کو سراہااور کہاہے کہ مزید ایسے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے ملک کی نیک نامی میں اضافہ ہو سکے۔