سانحہ اے پی ایس کی برسی پرمارننگ روٹس سکول حویلیاں میں تقریب کاانعقاد

جمعہ 16 دسمبر 2022 19:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2022ء) سانحہ اے پی ایس کی برسی پرمارننگ روٹس سکول حویلیاں میں تقریب کاانعقادہوا،جس میں سکول کے اساتذہ اورطلباء وطالبات نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہناتھاکہ سانحہ پشاور اے پی ایس کے بچوں کی شہادت ایک ناقابل فراموش سانحہ تھا ، ان کی یاد میں تقریبات کا انعقاد ہونا،شمعیں جلانا اور ان کی قربانیوں کو یاد کر کے اپنے دشمن کو پہچاننا بہت ضروری ہے۔

تعلیم کے دشمنوں نے سمجھا تھا کہ بچوں کی شہادت کے بعد اس قوم میں تعلیم حاصل کرنے کا جذبہ ختم ہو جائے گاجو ان کی خام خیالی تھی،شہداء کے والدین اوراساتذہ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس سانحہ کے بعد نہ صرف تعلیمی عمل جاری رکھا بلکہ اس میں اور تیزی آ گئی۔

(جاری ہے)

ہمیں ان شہدا ءکو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ یہ دیکھنا ہے کہ دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے تعلیمی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کریں۔

انہوں نے مزید کہاکہ یوم شہداء اے پی ایس پشاور ہماری تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جس دن پھولوں کو قبروں پر نہیں قبروں کے اندر دفنایا گیا،معلمین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سانحے کو صرف دعائیہ تقاریب منعقد کر کے یاد نہ کریں بلکہ عہد کریں کہ کہ وہ بطور معلم ہر قسم کی قربانی دے کر اس قوم کے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں گے۔تقریب کے اختتام پرشہداء بچوں اوراساتذہ کے لیے خصوصی دعاکابھی اہتمام کیاگیا۔