توانائی بحران ، جنوبی افریقہ میں پاور پلانٹس پر فوج تعینات

فوج کے اہلکار پاور پلانٹس کی حفاظت کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے،سرکاری محکمہ ایسکوم

اتوار 18 دسمبر 2022 19:55

کیپ ٹائون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2022ء) جنوبی افریقہ میں توانائی کا بحران شدت اختیار کرگیا ، حکومت نے بجلی بنانے والے پلانٹس کی حفاظت کیلئے فوج تعینات کر دی ۔غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی افریقہ کے ایوان صدر اور بجلی بنانے والے سرکاری محکمے ایسکوم کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ فوج کے اہلکار پاور پلانٹس کی حفاظت کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کے ترجمان ونسنٹ میگونیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ہر سٹیشن پر کم از کم 10 فوجی تعینات کیے جائیں گے، جبکہ مزید تعیناتیاں بھی کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کوئلے اور ڈیزل سے چلنے والے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس میں تخریب کاری، چوری، توڑ پھوڑ اور بدعنوانی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے ۔جنوبی افریقہ گزشتہ 15 برس سے بجلی کی کمی کا شکار ہے لیکن رواں سال لوڈشیڈنگ کا بحران سنگین ہوچکا ہے ، بجلی بحران کے باعث ملک کو جہاں کروڑوں ڈالرکا نقصان اٹھانا پڑرہا ہے وہیں تجارت اور صنعتوں کو بھی خسارے کا سامنا ہے۔