ارکان پارلیمنٹ کا خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار، ایوان میں معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ

منگل 20 دسمبر 2022 21:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2022ء) ارکان پارلیمنٹ نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایوان میں اس معاملے پر بحث کرائی جائے۔ منگل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر مشاق نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، وانا اور بنوں میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملے کئے ہیں، خیبرپختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کہاں ہے، خیبرپختونخوا کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پولیس اہلکاروں کے نماز جنازہ میں نہیں جارہے ، اس معاملے پر ایوان میں بحث کرائی جائے۔ رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ دہشت گردی میں ملوث ہاتھوں کو بے نقاب کرکے کٹہرے میں لانا ہوگا۔ سینیٹر طاہر بزنجو نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال ، معاشی حالت اور ریکوڈک منصوبہ پر سیر حاصل بحث کرائی جائے۔